• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل 7: رضوان کا کونسا انداز سوشل میڈیا پر مقبول؟

پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے پہلے میچ میں جہاں محمد رضوان کی دھواں دار بیٹنگ نے شائقین کرکٹ کے دل جیتے تو وہیں رضوان کا اپنی ٹیم کے کھلاڑی کے ساتھ خوش اخلاقی بھی سوشل میڈیا پر مقبول ہوگئی۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر محمد رضوان کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جوکہ گزشتہ روز ہونے والے ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے میچ کی ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملتان سلطانز کے باؤلر ٹم ڈیوڈ اپنے سامنے موجود شاندار بلے باز شرجیل کو گیند کرواتے ہیں جس پر وہ چھکا مارتے ہیں۔

ڈیوڈ کی گیند پر جہاں شرجیل چھکا مارتے ہیں تو وہیں وہ ڈیوڈ کا حوصلہ بُلند کرنے کے لیے محمد رضوان اُن کو پیچھے سے آکر گلے سے لگا لیتے ہیں۔

محمد رضوان کا یہ انداز سوشل میڈیا پر بےحد مقبول ہورہا ہے، شائقین کرکٹ کا کہنا ہے کہ محمد رضوان صرف ایک عظیم کھلاڑی نہیں بلکہ ایک شاندار انسان بھی ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیون کے افتتاحی میچ میں رضوان کی ملتان سلطانز نے بابر کی کراچی کنگز کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا۔

ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کی جانب سے دیا گیا 125 رنز کا ہدف 19ویں اوور میں حاصل کیا۔

آسان ہدف کے تعاقب میں سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے رواں سیزن کی پہلی نصف سنچری بھی اسکور کردی۔

رضوان 52 جبکہ ٹم ڈیوڈ 12 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ صہیب مقصود 30 اور شان مسعود 26 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید