یوکرینی فوج نے الزام عائد کیا ہے کہ روس کی فوج نے دارالحکومت کیف پر دوبارہ حملے شروع کر دیے ہیں۔
برطانوی اخبار کے مطابق سینکڑوں ٹینکوں اور فوجی گاڑیوں پر مشتمل 17 میل طویل روسی فوجی قافلہ کیف ایئر پورٹ کی جانب بڑھ رہا ہے۔
یوکرینی شہروں سے باہر تھرمو بیرک راکٹ لانچرز پہنچا دیے گئے
برطانوی اخبار نے بتایا ہے کہ یوکرینی شہروں سے باہر تھرمو بیرک راکٹ لانچرز پہنچا دیے گئے ہیں۔
یوکرینی فوج کا کہنا ہے کہ کیف میں صورتِ حال اب بھی کشیدہ ہے، روس فوجی اور سویلین اہداف پر گولہ باری جاری رکھے ہوئے ہے۔
یوکرین کا روس پر بیلا روس کی مدد لینے کا الزام
یوکرین کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ روس چاہتا ہے کہ بیلا روس کے انتہائی تربیت یافتہ فوجی دستوں کے ساتھ مل کر کارروائی کرے۔
یوکرینی فوج کا یہ بھی کہنا ہے کہ روس بیلا روس کی فضائی حدود بھی استعمال کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
دوسری جانب امریکی محکمۂ خارجہ نے کہا ہے کہ بیلا روس کی فوج کی نقل و حمل کے اشارے نہیں ملے۔
’’روس اور یوکرین کیخلاف جنگی جرائم کی تحقیقات ہونگی‘‘
ادھر انٹرنیشنل کرمنل کورٹ کا کہنا ہے کہ یوکرین میں ممکنہ جنگی جرائم پر جلد تحقیقات شروع ہوں گی۔
چیف پراسیکیوٹر کریم خان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ روس اور یوکرین دونوں فریقین کے بارے میں تحقیقات کا ارادہ ہے۔
امریکا کا اقوامِ متحدہ سے 12 روسی سفارتکار بے دخل کرنے کا فیصلہ
عرب میڈیا کے مطابق امریکا نے اقوامِ متحدہ میں تعینات 12 روسی سفارت کار بے دخل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
امریکا کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ اقوامِ متحدہ میں تعینات روسی سفارت کار جاسوسی میں ملوث ہیں۔
ادھر روسی سفیر برائے اقوامِ متحدہ کا کہنا ہے کہ دشمنی کا یہ عمل اقوامِ متحدہ کی میزبانی کے وعدے کے خلاف ہے۔
اس سے قبل گزشتہ روز کشیدگی کے خاتمے کے لیے روس اور یوکرین کے درمیان 5 گھنٹے جاری رہنے والے مذاکرات میں جنگ بندی پر اتفاق نہ ہو سکا۔
بیلا روس کی سرحد پر ہونے والے روس اور یوکرین کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا۔