یوکرین میں روسی افواج کے حملے میں ہلاک ہونے والے بھارتی طالب علم نوین کے والد نے بیٹے کو اپنی عمارت پر جھنڈا لگانے کا مشورہ دیا تھا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق طالب علم کی موت سے قبل فون پر ہونے والی بات چیت میں والد نے کہا تھا کہ ہماری حکومت نے دونوں ممالک سے بات کی ہے، دونوں ممالک نے انہیں یقین دلایا ہے کہ وہاں بھارتیوں کو کچھ نہیں ہوگا لہذا تم جس عمارت میں ہو، اس کے باہر بھارتی جھنڈا لگالو۔
نوین کے والد نے بیٹے کو یہ بھی مشورہ دیا تھا کہ وہاں کے حالات دیکھ کر فیصلہ کرو، 40 سے 50 کلومیٹر نکلیں گے تو کوئی نہ کوئی راستہ مل جائے گا لیکن اپنے طور پر کوئی خطرہ نہ مول لینا۔
کرناٹک سے تعلق رکھنے والے 21 سالہ نوین شیکھرپا کی موت یوکرین کے شہر خار کیف میں ہوئی، جسے کل سے روس کی شدید گولہ باری کا سامنا تھا۔ اس کے دوست نے بتایا کہ وہ قریبی گروسری اسٹور سے کھانا لینے گیا تھا۔
یاد رہے کہ خارکیف میں فضائی حملے کے دوران ہلاک ہونے والا نوین میڈیکل کا فائنل ایئر کا طالب علم تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نوین اس وقت ہلاک ہوا جب روسی فوجیوں نے ایک سرکاری عمارت کو دھماکے سے اڑا دیا۔
اس حوالے سے نوین کی ساتھی طلبہ پوجا نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ وہ گورنر ہاؤس کے قریب رہتا تھا اور کھانے کے لیے قطار میں کھڑا تھا، اچانک ایک فضائی حملہ ہوا جس نے گورنر ہاؤس کو اڑا دیا اور وہ مارا گیا۔