• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دل کا بائی پاس ہوچُکا، اب صرف دماغ کی سُنتا ہوں

گفتگو: محمد ہمایوں ظفر

انور مقصود، شو بز کی معروف و مقبول ترین شخصیات میں سے ایک ہیں، جو لگ بھگ چھے دہائی سے اس شعبے سے وابستہ ہیں۔ وہ صفِ اوّل کے تخلیق کار، مزاح نگار، خاکہ نویس، صحافی، شاعر، گیت نگار، مصنّف، ٹی وی میزبان اور اداکار ہونے کے ساتھ بہترین مصوّر بھی ہیں۔ معاشرے کے اہم مسائل و معاملات پر گہری نظر رکھنے والے انور مقصود نے متعدد شعبوں میں کام کیا اور ہر جگہ اپنا لوہا منوایا، خصوصاً ٹی وی پر پیش کیے گئے اُن کے تمام ہی پروگرامز، ڈرامے، لانگ پلے ناظرین میں بے پناہ مقبول ہوئے۔ 

اہم مُلکی، معاشرتی و خانگی مسائل کو انتہائی سادہ، ہلکے پھلکے انداز میں ناظرین کے سامنے پیش کرنا اُن کا خاصّہ ہے اور اپنے اسی انداز کی وجہ سے وہ ہر دل عزیز بھی ہیں۔ اُن کے چند بے حد معروف پروگرامز میں ففٹی ففٹی، شو ٹائم، شوشا، سلور جوبلی شو، لُوز ٹاک، اسٹوڈیو ڈھائی، اسٹوڈیو پونے تین وغیرہ، جب کہ مقبولِ عام ڈراموں میں آنگن ٹیڑھا، دورِ جُنوں، فنونی لطیفے، ہاف پلیٹ، مرزا اینڈ سنز، تلاش، ستارہ اور مہرالنسا اور نادان نادیہ سرِفہرست ہیں۔

لیجنڈ مصنّف، مصوّر، صحافی، اداکار، ٹی وی میزبان اور مزاح نگار، انور مقصود کی سچّی، کھری باتیں

گزشتہ دنوں ہم نے جنگ، سنڈے میگزین کے لیے اُن سے تفصیلی گفتگو کی، تو انہوں نے بیش تر سوالوں کے اپنے روایتی پُرمزاح انداز میں جوابات دیئے۔ گفتگو کی تفصیل نذرِ قارئین ہے۔

نمایندہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے
نمایندہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے

س: خاندان، ابتدائی تعلیم و تربیت کے متعلق کچھ بتائیں؟ والد کیا کرتے تھے، بھائی بہنوں کی تعداد وغیرہ؟

ج: ہم دس بھائی بہن تھے۔ فاطمہ ثریا بجیا سب سے بڑی تھیں، اُن کے بعد ترتیب کچھ اس طرح ہے، صغریٰ کاظمی، سارہ نقوی، زہرا نگاہ، اسماء سراج، احمد مقصود حمیدی، مَیں، عمر مقصود، زبیدہ طارق اور عامر مقصود۔ یعنی بہن بھائیوں میں میرا نمبر ساتواں ہے۔ والد صاحب کا ذاتی بزنس تھا۔ قیامِ پاکستان کے بعد 18اکتوبر 1948ء کو بھارت کی ریاست، حیدر آباد دکن سے کراچی ہجرت کی۔ 

حیدر آباد دکن میں ہمارے بزرگوں کی بڑی قدر و منزلت تھی، اسی سبب والئی ریاست نے پاکستان ہجرت کے وقت اپنے کچھ محافظ ہمارے ساتھ کردیئے تھے، جنہوں نے والد، والدہ، نانا نانی اور پرنانی سمیت پورے خاندان کو بمبئی تک بحفاظت پہنچایا۔ بمبئی سے ہم لوگ ڈمرہ نامی پانی کے جہاز میں سوار ہوکر کراچی آگئے۔ میرے نانا، سیّد نثار احمد، حیدر آباد دکن کے اوّل تعلق دار (کمشنر) تھے۔ وہ داغ دہلوی کے شاگرد تھے اور پورے خاندان کی تعلیم و تربیت، شعر و شاعری سے شغف اُن ہی کا مرہونِ منت ہے۔’’مزاج‘‘ اُن کا تخلص تھا۔ ہم نے جب حیدر آباد دکن سے کراچی ہجرت کی، تو اپنے ساتھ سوائے اُردو زبان و ثقافت اور لگ بھگ دس ہزار کتب کے کچھ نہیں لائے تھے۔ 

مَیں قیامِ پاکستان سے قبل حیدر آباد دکن کے ایک گرامر اسکول میں زیرِتعلیم تھا اور کراچی آنے کے بعد جیل روڈ کے ایک اسکول سے دوبارہ تعلیم کا سلسلہ شروع ہوا۔ اُس وقت میری عُمر 8برس تھی۔ حیدر آباد دکن میں ہمارا بہت بڑا گھر تھا، اٹھارہ بیس کمرے تھے، جس کے آگے پانچ چھے ہزار گز زمین تھی۔ بہت مزے کا دَور تھا۔ 

ہجرت کے بعد جب پاکستان پہنچے، تو بہت سے مکان خالی پڑے تھے، ہم کوئی بھی لے سکتے تھے، حکومت کی طرف سے بھی یہی کہا گیا تھا کہ یہاں سے بھارت ہجرت کرجانے والے ہندوئوں کے خالی مکانوں پر بھارت سے آنے والے مہاجر رہائش اختیار کرسکتے ہیں، لیکن ہمارے نانا نے جمشید روڈ پر زمین حاصل کی، وہاں خیمہ لگایا اور کافی عرصہ اُسی خیمے میں مقیم رہے۔ اُس وقت خاصی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، بڑی بے سروسامانی کا عالم تھا۔ ہمارے پاس کچھ نہیں تھا، سوائے کتابوں کے، لیکن کسی بات کا کوئی افسوس بھی نہیں تھا، کچھ خاص خواہشیں بھی نہ تھیں، صرف ایک لگن تھی کہ اپنے مُلک کے لیے کچھ کرنا ہے۔ اور پھر بعدازاں اس وسیع و عریض شہر نے ہمیں عزّت، شہرت، نیک نامی سب ہی کچھ دیا۔

بیدار ہوتے ہی اخبار دیکھتا ہوں کہ عمران خان ہیں، یا گئے

س: بچپن کیسا گزرا؟

ج: جس طرح عام بچّوں کا گزرتا ہے، میرا بھی گزرا۔ میری نانی اکثر بتایا کرتی تھیں کہ بچپن میں، مَیں بہت شرارتی تھا، جب کہ بچپن کے حوالے سے مجھے بس یہی یاد ہے کہ مَیں بہت چھوٹا تھا۔

س: آپ ہمہ جہت شخصیت کے مالک، صفِ اوّل کے ڈراما نگار، مصوّر، شاعر، صحافی، ٹی وی میزبان، خاکہ نویس اور گیت نگار ہیں، خود آپ کو اپنی شخصیت کا کون سا پہلو سب سے اچھا لگتا ہے، اور سب سے زیادہ لُطف کس شعبے میں کام کرنے کا آیا؟

ج: سچّی بات تو یہ ہے کہ میں نے یہ سب کچھ بجیا (فاطمہ ثریا بجیا) ہی سے سیکھا، آج مَیں جو کچھ بھی ہوں، اُن ہی کی وجہ سے ہوں۔ ویسے میری شخصیت کا ایک پہلو یہ بھی ہے کہ مَیں کھانا بہت اچھا پکاتا ہوں اور یہی میرا سب سے پسندیدہ شعبہ بھی ہے۔ مَیں اپنے لیے، بچّوں کے لیے اور بچّوں کے بچّوں کے لیے کھانا بہت ہی شوق سے پکاتا ہوں اور سب میرے ہاتھ کا کھانا کھا کر، بہت کُھل کے تعریف بھی کرتے ہیں۔ یوں بھی بیاسی برس کی عُمر میں آدمی اور بھلا کیا کرسکتا ہے۔

س: آپ کے خاندان کی خدمات کا دائرہ بھی کافی وسیع ہے۔ آپ کے خانوادے کے بہت سے افراد نے مختلف شعبوں میں بڑا نام کمایا، کچھ اُن کے بارے میں بھی فرمائیے؟

ج: میری والدہ افسر خاتون اردو اور فارسی کی نثر نگار اور شاعرہ تھیں، انھیں مطالعے کا بہت شوق تھا۔ ہم نے ہر وقت اُنھیں کتابوں میں منہمک دیکھا، جتنی کتابیں انھوں نے پڑھیں، شاید ہم نے نہیں پڑھیں۔ درختوں، پھولوں، پودوں سے خاص شغف رکھتی تھیں اور یہ سب شوق اُنھیں نانا سے وَرثے میں ملے، اور پھر اُن سے ہم سب بھائی بہنوں میں منتقل ہوئے۔ بجیا نے تو بارہ برس کی عُمر ہی میں ایک ناول لکھ ڈالا تھا اور جو ’’مسلم سماج‘‘ کے نام سے شایع بھی ہوا۔ میرے ابّا، قمرمقصود حمیدی بیالیس برس کی عُمر میں انتقال کرگئے تھے، اُن کی وفات کے بعد والدہ ہی نے ہمیں پالا اور بکھرنے نہیں دیا۔ 

وہ کہتی تھیں کہ بس اپنی تاریخ اور تہذیب و اقدار سے جدا مت ہونا۔ والد کے انتقال کے بعد احمد مقصود حمیدی بھائی سول سروس میں آگئے۔ ہم بھائی، بہنوں میں بجیا کو ڈراما/ ناول نگاری میں یدِطولیٰ حاصل تھا، جب کہ زہرا آپا (زہرا نگاہ) کو شاعری کا شوق تھا، سارہ نقوی کا رجحان براڈ کاسٹنگ کی طرف تھا۔ وہ بی بی سی اور وائس آف امریکا سے طویل عرصے تک وابستہ رہیں۔انھوں نے سائنس کے موضوع پر متعدد کُتب تحریر کیں اور پروفیسر عبدالسّلام کے ساتھ بھی کام کیا۔ 

زبیدہ آپا کو کھانا پکانے کا شوق تھا۔ وہ گھریلو ٹوٹکوں کی بھی ماہر تھیں۔ پھر مسز کاظمی (صغریٰ آپا) پاکستان کی بہت بڑی ڈیزائنر کا اعزاز رکھتی ہیں۔ غرض یہ کہ سب ہی بھائی بہنوں نے اپنے اپنے شعبوں میں اچھا نام بنایا۔ ہم تین بھائی، بہنوں کو پرائیڈ آف پرفارمینس بھی مل چکا ہے۔ بجیا کو تو پرائیڈ آف پرفارمینس کے علاوہ ہلالِ امتیاز اور جاپان کا سب سے بڑا سول ایوارڈ بھی ملا۔ 

زہرا آپا کو پرائیڈ آف پرفارمینس، ستارئہ امتیاز اور علّامہ اقبال میڈل ملا۔ جب کہ مجھے بھی پرائیڈ آف پرفارمینس، ہلالِ امتیاز اور قائد اعظم گولڈ میڈل مل چکا ہے۔ میرے بڑے بھائی احمد مقصود بہت پڑھے لکھے آدمی تھے۔ کم از کم میں نے اپنی زندگی میں اتنا لائق فائق آدمی نہیں دیکھا۔ وہ فارسی میں قادر الکلام تھے۔ کیمبرج یونی ورسٹی میں قرآن کریم کے مضامین و موضوعات پر لیکچرز دیتے تھے۔ مختصر یہ کہ سب بہن، بھائی اپنے اپنے شعبوں میں شوق و لگن ہی سے کام کرتے رہے۔

میرے نام سے 11جعلی اکاؤنٹس چل رہے ہیں، مَیں تو انٹرنیٹ استعمال ہی نہیں کرتا

س: پی ٹی وی کے لیے آپ نے بہت کچھ لکھا اور لگ بھگ تمام ہی پروگرامز ناظرین میں بے پناہ مقبول ہوئے، بہت سے معرکتہ الآرا ڈرامے بھی لکھے، تو اُس دَور کے پروگرامز، ڈراموں اور آج کے تفریحی چینلز کے پروگرامز میں کیا واضح فرق محسوس کرتے ہیں؟

ج: پہلے کے لکھاری، مصنّفین بہت اعلیٰ پائے کے تھے، وہ جو کچھ لکھ کر دیتے، ڈائریکٹرمِن و عن اُسی پر ڈرامے، پروگرامز تیار کرتے تھے، اور پھر وہ ڈرامے، پروگرام قبولیتِ عام حاصل کرتے، مدّتوں لوگوں کو یاد رہتے۔ اب تو مارکیٹنگ ڈیپارٹمنٹ ڈرامے لکھواتا ہے اور اس کی ڈیمانڈ یہ ہوتی ہے کہ ڈراما جتنا بُرا لکھا جائے گا، اُس میں جتنی خراب زبان استعمال ہوگی، وہ جتنا متنازع ہوگا، اُسے اتنی ہی زیادہ ریٹنگ ملے گی۔ تو بس، اب تو پروگرامز، ڈراموں کا یہی کرائی ٹیریا رہ گیا ہے۔

س: آپ کا ٹی وی پر پہلا پروگرام کون سا تھا اور کس سن میں آن ائر ہوا؟

ج: پی ٹی وی کا پہلا طویل دورانیے کا ڈراما ’’مہمان‘‘ 1967ء میں آن ائر ہوا، جس میں مَیں خود ہیرو اور رخسانہ میر ہیروئین تھیں، جب کہ عشرت انصاری نے اُسے پروڈیوس کیا تھا۔

جو کچھ ہوں، بجیا کے سبب ہوں، کوئی دوست نہیں، میرے بچّے ہی میرے دوست ہیں

س: آپ کو اپنا سب سے اچھا ڈراما اور کردار کون سا لگا؟

ج: مجھے اپنا ڈراما ’’آنگن ٹیڑھا‘‘ بہت پسند ہے۔ اسی لیے 2019ء میں مَیں نے اس کا سیکوئیل ’’ناچ نہ جانے‘‘ کے عنوان سے آرٹس کائونسل، کراچی میں بھی پیش کیا۔

س: زندگی کا ایک طویل حصّہ لکھنے لکھانے میں گزار دیا، کچھ یاد ہے، کن کن اصناف پر طبع آزمائی کی؟

ج: مَیں پچھلے 60برس سے لکھ رہا ہوں، لیکن میں نے کبھی سرکار کے لیے نہیں لکھا، ہمیشہ عام افراد کے لیے لکھا۔ اسی وجہ سے اکثر و بیش تر پریشانیوں میں بھی گِھرا رہا کہ جو کچھ میں لکھتا یا بولتا ہوں، حقائق پر مبنی، برحق ہوتا ہے، لیکن مشکل یہ ہے کہ یہاں لوگ سچ کو جھوٹ اور جھوٹ کو سچ سمجھتے ہیں۔

س: برِصغیر پاک و ہند میں پہلے تفریح کا واحد ذریعہ تھیٹر،اسٹیج ڈرامے ہوا کرتے تھے، پھر فلموں کا دَور آیا، اس کے بعد ٹی وی ڈراموں نے ایک عرصے تک لوگوں کو اپنے سحر میں جکڑے رکھا، آج سوشل میڈیا کے دَور میں اخباربینی اورمطالعے کا رجحان تقریباً ختم ہوکر رہ گیا ہے۔ اب نہ اصلاحی و سبق آموز ڈرامے بنتے ہیں، نہ فلمیں اور نہ ہی لکھنے پڑھنے کا رواج رہ گیا ہے۔ بس صرف سنسنی خیزی ہے یا اوٹ پٹانگ حرکتیں، تو اس صُورتِ حال پر کیا کہیں گے؟

ج: دیکھیں، بات یہ ہے کہ جو کسی مُلک، معاشرے کی حالت ہوتی ہے، اُس کے فنونِ لطیفہ یعنی ڈراموں، تحریروں، تصویروں میں بھی وہی نظر آتی ہے۔ اس وقت جو حال ہمارے مُلک کا ہے، تو وہی حال ذرائع ابلاغ کا بھی ہے۔ آپ نے تھیٹر کی بات کی، تو میرے خیال میں تو یہاں تھیٹر کبھی تھا ہی نہیں، بلکہ یہاں کیا، پورے اُردو ادب میں کہیں تھیٹر، ڈراما نہیں ہے، اور جو ہے، اُس کا ادب میں کوئی مقام نہیں ہے۔ 

بیس برس قبل اسٹیج پر میرے شوز سال سال بھر تک متواتر چلتے تھے، لیکن اب ایک ہی ہفتے میں ڈراما اُتر جاتا ہے۔اور سوشل میڈیا کے حوالے سے تو یہی کہہ سکتا ہوں کہ اُس کی وجہ گیجٹس ہیں۔ اگرچہ ان سے لوگوں کو کافی سہولت بھی ہوئی، لیکن نقصان بھی بہت ہوا۔ لوگ کتاب سے دُور ہوگئے ہیں۔ اب خال ہی کوئی روایتی انداز سے کتاب پڑھتا ہے۔ دکانوں پر جاکر کتاب خریدنے اور گھر لاکر دل چسپی سے پڑھنے کا سارا ماحول ہی ختم ہوگیا ہے۔

پورے ایشیا میں معین اختر سے بڑا کوئی پرفارمر پیدا نہیں ہوا

س: پاکستان ٹیلی ویژن پر راج کرنے والے کئی ڈراما نگار آج بھی موجود ہیں، تو اُن سے اب ڈرامے کیوں نہیں لکھوائے جارہے؟

ج: اشفاق صاحب نہیں رہے، بانو قدسیہ، حسینہ معین نہیں رہیں، منّو بھائی چلے گئے۔ اتنے پائے کے مصنفین کے جانے کے بعد ایک خلا تو پیدا ہوا ہے، جسے پُر کرنا آسان نہیں، اور جو اچھے ڈراما نگار رہ گئے ہیں، وہ آج کل کے ماحول کے مطابق لکھنا نہیں چاہتے۔ یہ کمرشل ازم کا دَور ہے۔ حالت یہ ہے کہ ایک ایک کاغذ پر اسٹوری، ڈائیلاگ لکھ کر دے دیئے جاتے ہیں اور ڈراما تیار ہوجاتا ہے۔ پہلے کے لوگ بڑی محبت اور محنت سے لکھا کرتے تھے۔ 

آج تو پہلے سے طے ہوتا ہے کہ کتنے منٹ کا سین ہوگا، کتنے منٹ کے اشتہارات۔ صرف ریٹنگ کی دوڑ لگی ہے، معیار کا تو کہیں کوئی ذکر ہی نہیں۔ گھسی پٹی ساس، بہو کی کہانیاں بلا ضرورت کھینچ کھانچ کر لمبی کی جاتی ہیں۔ اخلاقی و معاشرتی معیارات کا تصور ہی ختم ہوگیا ہے۔ تو ایسے میں کسی اچھے رائٹر کو کیا ضرورت ہے کہ وہ اپنا نام خراب کرے۔

س: پچھلی کئی دہائیوں سے کوئی حسینہ معین، فاطمہ ثریا بجیا، امجد اسلام امجد، انور مقصود کیوں پیدا نہیں ہورہے؟

ج: میرے خیال میں اگر یہ لوگ اس دَور میں پیدا ہو بھی ہوگئے، تو بے کار ہی بیٹھے رہیں گے۔ اُن کے لیے کچھ لکھنے کو ہوگا، نہ انھیں کوئی لکھنے کو کہے گا۔

شادی کے موقعے پر
شادی کے موقعے پر

س: معین اختر کے ساتھ آپ کی تقریباً پچاس برس دوستی رہی، اُن کی شخصیت پر بھی کچھ روشنی ڈالیں؟

ج: معین سے بڑا اداکار مَیں نے نہیں دیکھا، خواہ کوئی سنجیدہ کردار ہو یا مزاحیہ۔ وہ اسکرپٹ کے ساتھ انصاف کرتے تھے۔ اُن کے ساتھ میں نے ’’لُوز ٹاک‘‘ کے چار سو پروگرامز کیے۔ اسکرپٹ میں جہاں جو کچھ لکھا ہوتا، معین وہی کرتا، اگر کہیں لکھا ہوتا کہ یہاں کھانسنا ہے، یا یہاں جوتا اُتارنا ہے، تو وہ اسکرپٹ کے عین مطابق ہی کرتا۔ آپ یقین کریں، مَیں نے اُس کے ساتھ بے تحاشا کام کیا، لیکن اُس نے مجھے کبھی مایوس نہیں کیا۔ مَیں معین کے بارے میں صرف اتنا ہی کہوں گا کہ پورے ایشیا میں اُس کے پائے کا کوئی پرفارمر پیدا نہیں ہوا۔

مُلک میں جو تھوڑی بہت ترقی ہورہی ہے، وہ خواتین ہی کی وجہ سے ہے، مرد تو بے کار ہیں

س: ’’لُوز ٹاک‘‘ بھارت میں بے حد مقبول ہوا، اس کی کوئی خاص وجہ؟

ج: دراصل جتنی بے ایمانی ہمارے مُلک میں ہے، اُتنی ہی بھارت میں بھی ہے۔ جتنی جہالت یہاں ہے، اُتنی ہی جہالت وہاں بھی ہے، تو شاید یہی وجہ ہے کہ پروگرام دونوں ممالک میں یک ساں مقبول ہوا، بلکہ یو ٹیوب پر تو آج بھی جب لوگ یہ پروگرامز دیکھتے ہیں، تو اُنھیں لگتا ہے کہ جیسے حال ہی میں ریکارڈ ہوئے ہیں۔ بھارت سے کئی فون میرے پاس آئے کہ ہم نے لُوزٹاک کا فلاں پروگرام دیکھا، کیا یہ حال ہی میں ریکارڈ ہوا ہے؟ تو میں اُنھیں جواب دیتا ہوں کہ بھئی، معین کے انتقال کو دس برس ہوگئے ہیں، تو یہ پروگرام ابھی کیسے ریکارڈ ہوسکتا ہے۔

ڈائجسٹ رائٹرز، ڈراما لکھیں گے، تو پھر سو، دو سو اقساط ہی کے ڈرامے بنیں گے

س: آپ کے خیال میں سب سے عظیم ڈراما نگار کون ہے؟

ج: میرے خیال میں تو شیکسپیئر ہی ہیں۔

س: آج کا ٹیلی ویژن ڈراما تو سُپرہٹ ہوجاتا ہے، لیکن ڈراما نگار کو کوئی نہیں جانتا، علاوہ ایک آدھ ڈراما نگار کے، تو ایسا کیوں ہے؟

ج: اس کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ آج ڈرامے وہ لوگ لکھ رہے ہیں، جو پہلے ڈائجسٹ رائٹر تھے، تو ڈراما بھی بس ڈائجسٹ ہی کی طرح کا ہوگیا ہے۔ سو قسطیں، دو سو قسطیں۔ اس کے علاوہ ایک اور وجہ یہ بھی ہے کہ آج کے ڈراموں میں ضرورت سے زیادہ مکالمے شامل کیے جانے لگے ہیں۔ ڈرامے میں اتنے زیادہ مکالمے نہیں ہونے چاہئیں۔ 

مَیں نے سُنا ایک ڈرامے میں ایک ملازم اس طرح بات کررہا تھا ’’اک ٹیس سی اٹھتی ہے میرے کلیجے سے، دل سے ایک آہ نکلتی ہے۔‘‘ تو ایک ناخواندہ ملازم ایسا جملہ کیسے بول سکتا ہے۔ ہر ڈرامے میں، ڈرامے کا ہر کردار ڈائیلاگ بول رہا ہوتا ہے۔ تھانے دار ڈائیلاگ بول رہا ہے، نانی مکالمے بول رہی ہیں۔ چپراسی کتابی باتیں کررہا ہے۔ پورے ڈرامے میں کوئی نارمل بات چیت ہوتی ہی نہیں ہے۔ اب بھلا ایسا کہاں ہوتا ہے کہ پورے کا پورا خاندان ہی فلاسفر ہو بلکہ اطراف کے سارے کردار بھی فلسفہ نگار ہوں۔

س: آپ نے اپنے سُپرہٹ ٹی وی ڈراما سیریلز کو جب تھیٹر پر پیش کیا، تو کیسا ریسپانس ملا؟

ج: بہت اچھا، دراصل اسٹیج پر لکھنے کے لیے غیرمعمولی جرأت اور ہمّت درکارہوتی ہے اور یہ ہمّت مجھے تھیٹر کمپنی ’’کاپی کیٹس‘‘ نے فراہم کی۔ اب تک ہاف پلیٹ، آنگن ٹیڑھا، اور سیاچن جیسے ڈرامے تھیٹر پر پیش کرچکا ہوں۔ پونے چودہ اگست اور سوا چودہ اگست کے بعد اس کا آخری پلے ’’ساڑھے چودہ اگست‘‘ رہ گیا تھا، آج کل وہی لکھ رہا ہوں اور اِن شاء اللہ رواں برس وہ بھی مئی میں تھیٹر پر پیش کیا جائے گا۔

ہم حیدر آباد دکن سے صرف اردو زبان و ثقافت اور 10ہزار کتابیں ساتھ لائے

س: آپ کئی سیاسی جماعتوں سمیت قومی اداروں پر بھی کُھل کر تنقید کرتے ہیں، کبھی شدید دباؤ کا شکار ہوئے؟

ج: آپ اپنے سوال میں سے ’’کبھی‘‘ کا لفظ نکال دیں۔ جس مُلک میں بے ایمانی لیگل ہوجاتی ہے، پھر وہاں کوئی سچ سُننا چاہتا ہے، نہ اس پر سچ کا کوئی اثر ہوتا ہے۔ مَیں تو روزِ اوّل ہی سے سخت دبائو کا شکار رہا، لیکن بات میرے دبائو میں رہنے کی نہیں، مسئلہ یہ ہے کہ مسلسل تنقید، نشان دہی کے باوجود حالات میں کوئی سدھار نہیں آیا۔ حاکمِ وقت کے سامنے کلمۂ حق کہنے کا وہ نتیجہ نہیں نکلا، جو نکلنا چاہیے تھا۔

س: اب تک کتنے اعزازت، ایوارڈز سے نوازا جاچکا ہے؟

ج: ایوارڈز تو بہت ملے،اب تو تعدادبھی یاد نہیں، لیکن ساٹھ برس میں مجھے عوام سے جو محبت ملی، اور اب تک مل رہی ہے، میرے خیال میں اس سے بڑا کوئی ایوارڈ نہیں۔

س: آج کل کیا مصروفیات ہیں؟

ج: مصوّری کررہا ہوں، کووِڈ میں تین مہینے کمرے میں بند رہا۔ شدید متاثر ہونے کے سبب سترہ دن آکسیجن پر بھی رہا۔ قیدِ تنہائی میں پیٹنگز بنائیں جن لوگوں کو پڑھا نہیں تھا، اُنھیں پڑھا۔ سرسیّد، حالی، مومن، آتش سب ہی کو پڑھ ڈالا اور مصوّری تو میری فیلڈ ہے۔ 1958ء میں میری پہلی نمائش منعقد ہوئی تھی۔ اب بھی گھر کے زیادہ تر اخراجات مصوّری ہی کے ذریعے پورے ہوتے ہیں۔ ویسے مجھے چہرے اور پرندے پینٹ کرنا زیادہ پسند ہے۔ آپ کہہ سکتے ہیں کہ یہ میری اسپیشلٹی ہے۔

س: آپ کی صبح کب ہوتی ہے؟

ج: صبح چھے بجے بیدار ہوجاتا ہوں اور سب سے پہلے اخبار دیکھتا ہوں کہ عمران خان ہیں، یا گئے۔

س: فارغ اوقات کے کیا مشاغل ہیں؟ 

ج: زیادہ وقت تصویریں بنانے میں گزرتا ہے،اس کے علاوہ موسیقی بھی سُنتا ہوں۔ گھر میں میوزک کی بہت بڑی لائبریری ہے، میرے پاس روی شنکر کی پوری کلیکشن، لتا کے پندرہ ہزار گانے ہیں، جنھیں سُنتا رہتا ہوں۔

س: زندگی کی پہلی کمائی کب اور کتنی تھی؟

ج: بچپن میں گھر کا سودا سلف لایا کرتا تھا، تو نانی کو حساب بتانے میں دو چار آنے بڑھا دیا کرتا تھا، تو بس سمجھیں، پہلی کمائی وہی تھی۔ مگر پھر سودوں سے بچائے ہوئے وہ پیسے نانی ہی کے پلّو سے باندھ دیا کرتا۔ مَیں سوتا بھی اُن ہی کے ساتھ تھا، تو نانی کہتیں کہ ’’میرا دوپٹا کچھ بھاری ہوگیا ہے۔‘‘ تو مَیں کہتا کہ ’’اس میں میرے پیسے رکھے ہیں۔‘‘ نانی کہتیں ’’کہاں سے لائے؟‘‘ 

تو میں کہتا کہ’’بس کمائی شروع کی ہے، تھوڑی سی محنت کرتا ہوں۔‘‘ ایک دن نانا نے مجھے پکڑ لیااور کہا کہ ’’نانی تم سے بہت ناراض ہیں، تم نے چیزوں کی قیمتیں آسمان تک پہنچادی ہیں۔‘‘ اُن کی بات سُن کر میں نے بڑی معصومیت سے جواب دیا ’’دو آنے سے قیمتیں آسمان تک کیسے پہنچ سکتی ہیں، مجھے اپنے مستقبل کا بھی خیال کرنا ہے۔‘‘ ویسے 1964ء میں جب ایک بینک میں ملازم ہوا، تو پہلی تن خواہ دو سو تیس روپے ملی تھی۔

س: زندگی کا کون سا دَور سب سے اچھا لگتا ہے؟

ج: میرے خیال میں موت کے بعد کا دَور سب سے اچھا ہوگا۔

س: آپ کی پسندیدہ کتب، مصنّف یا شاعر؟

ج: جو بھی اچھا لکھتا ہے، وہ پسند ہے۔ ویسے میری لائبریری میں سب سے اوپر قرآن شریف اور پھر تین کتابیں دیوان ِ میر، دیوانِ غالب اور کلیّاتِ اقبال رکھی ہیں۔

س: کس بات پر غصّہ آتا ہے؟آئے تو ردِّعمل کیا ہوتا ہے؟

ج: بہت ٹھنڈے مزاج کا آدمی ہوں، مجھے غصّہ بالکل نہیں آتا۔

س: فیصلے درست کرتے ہیں؟ دل کی سنتے ہیں یا دماغ کی؟

ج: دل کا بائی پاس ہوچُکا ہے، تو اب دماغ ہی کی سُنتا ہوں۔

س: زندگی کا سخت ترین دَور کون سا رہا؟

ج: وہ تو گزر رہا ہے، یوں بھی سخت ترین دَور کبھی ختم نہیں ہوتا۔

س: تنقید کے کس حد تک قائل ہیں؟

ج: دنیا کا سب سے آسان کام کسی پر تنقید کرنا ہے، لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ آپ خود اُس شعبے میں اتنا اچھا کام کرچکے ہوں کہ دوسرے پر تنقید کے قابل ہوں۔ ایک بہت بڑے ایکٹر کو تو حق ہے کہ ایک چھوٹے اداکار کے کام پر تنقید کرے کہ ’’بھئی، تم نے اچھا کام نہیں کیا۔‘‘ اسی طرح ایک بڑے لکھنے والے کو حق حاصل ہے کہ اپنے سے جونیئر پر تنقید کرے، لیکن جو نہ ڈرامے لکھے، نہ مصوّری کرے، نہ میوزک کمپوز کرتا ہو، تو اُسے قطعی یہ حق نہیں کہ وہ ان فیلڈز سے وابستہ افراد پر غیر ضروری تنقید کرے۔

س: گھر والوں کو آپ کی کون سی عادت ناپسند ہے؟

ج: گھر سے بغیر بتائے چلے جانا۔

س: خود کو کس عُمر کا تصوّر کرتے ہیں؟

ج: ابھی بچپن ہی ختم نہیں ہوا۔

س: سال گرہ مناتے ہیں؟

ج: میں نے تو کبھی اپنے بچّوں کی بھی سال گرہ نہیں منائی، مگر اب میرے بچّے اور ان کے بچّے کچھ اہتمام کرلیتے ہیں، کیک وغیرہ کاٹتے ہیں۔

س: کوئی ایسا کام، جسے لاکھ کوشش کے باوجود مکمل نہ کرسکے ہوں؟

ج: بال کالے نہیں کرسکا۔ اس کے علاوہ جھوٹ بولنے کی کوشش کرتا ہوں، مگر بولا نہیں جاتا۔ جھوٹ بولتا، تو بہت کمالیتا۔

س: اگر موبائل فون کو زندگی سے نکال دیا جائے تو.....؟

ج: تو پھر آجائے گا۔

س: کون سا کام کرنے کو بہت دل چاہتا ہے،اور کون سا نہیں؟

ج: پڑھانے کا بہت دل کرتا ہے، چاہتا ہوں کہ اسکول میں بچّوں کو پڑھائوں۔

س: ای میلز چیک کرتے ہیں، میسجز کا جواب دیتے ہیں؟ سوشل میڈیا پر کتنے ایکیٹو ہیں، یہ جو ٹوئٹر اور فیس بُک پر آپ کے نام اور تصویر کے ساتھ کئی اکاؤنٹس موجود ہیں، تو کیا یہ حقیقتاً آپ ہی کے ہیں؟

ج: آپ کے توسّط سے مَیں واضح کردوں کہ میرے نام سے اس وقت گیارہ جعلی اکائونٹس چل رہے ہیں، جس میں لوگ سیاسی رہنمائوں کے بارے میں مختلف ٹوئٹس وغیرہ کررہے ہیں، حالاں کہ میرے پاس نہ اسمارٹ فون ہے، نہ لیپ ٹاپ، نہ ہی میں انٹرنیٹ استعمال کرتا ہوں۔ میرے پاس اس طرح کی کوئی مشین ہی نہیں ہے، صرف ایک چھوٹا سا موبائل فون ہے۔ لوگوں سے درخواست ہے کہ میرے نام سے منسوب جعلی اکاؤنٹس ہٹادیں، میں نے کبھی کسی کے لیے غلط الفاظ استعمال نہیں کیے۔

س: کبھی سچّا دوست ملا،جس کی دوستی پر فخر محسوس ہو؟

ج: نہیں، آج تک نہیں۔ میرے بچّے ہی میرے بہترین دوست ہیں۔

س: ذہین شخص کی رفاقت مزہ دیتی ہے ،یا پُرمزاح شخص کی؟

ج: ذہین شخص کی۔

س: ہمارے معاشرے میں خواتین کی صلاحیتوں کو کیوں تسلیم نہیں کیا جاتا؟

ج: ایسا نہیں ہے۔ یہ میرے خیال میں تو پاکستان اگر آج کچھ ترقی کررہا ہے، تو صرف خواتین ہی کی وجہ سے۔ مَردوں نے تو خود کو بے کار ہی ثابت کیا ہے۔

س: ایک دُعا،جو ہمیشہ لبوں پر رہتی ہے؟

ج: اللہ کبھی کسی کا محتاج نہ کرے۔

س: موجودہ نسل کے لیے کوئی پیغام؟

ج: یہی کہہ سکتا ہوں کہ ہمیشہ سچ بولو، سچ بول کے انسان بھول جاتا ہے، جھوٹ بول کے ساری زندگی یاد رکھنا پڑتا ہے، تو سچ بولیں اور بھول جائیں، سچ لکھیں اور بھول جائیں کہ کیا لکھا۔ نہ جھوٹ بولیں، نہ جھوٹ لکھیں، پچھلے پچھتّر برس سے یہی سنتے آرہے ہیں۔ ملک کی پچھتّر فی صد آبادی نوجوان ہے، تو اس آبادی نے جو کچھ کرنا تھا، وہ نہیں کیا۔ آپ لوگ بہت ذہین ہیں، آپ میں بہت ٹیلنٹ ہے، آپ بہت کچھ بدل سکتے ہیں۔ سو، پلیز اب کچھ کرلیں۔

س: کیا آپ موجودہ حکومت سے مطمئن ہیں، حکومت اور حکمرانوں کو کیا پیغام دیں گے؟

ج: حالات تو پچھتّر برس ہی سے خراب ہیں، کوئی حکومت آج تک عوام کو مطمئن نہیں کرسکی۔ اب لوگ کہتے ہیں کہ مُلک کا سربراہ ایمان دار ہے، مگر صرف ایمان داری سے کام نہیں چلتا، اور بھی بہت کچھ کرنا ہوتا ہے۔ تعلیم اور صحت دو شعبے ایسے ہیں، جن پر حکومت کو خصوصی توجّہ دینی چاہیے، یہ حکومت جیسے تیسے پانچ سال تو پورے کرلے گی۔لیکن ساتھ ہی ان لوگوں کے دن بھی پورے ہوجائیں گے۔

س: حکومت کو کوئی مشورہ دینا چاہیں گے؟

ج: حکومت کو کیا مشورہ دوں، حکم رانوں کو چاہیے کہ اسلام آباد سے نکلیں اور دوسرے شہروں کی طرف بھی دیکھیں، صرف لاہور، کراچی اور اسلام آباد ہی پاکستان کے شہر نہیں، اور بھی کئی چھوٹے شہر، گائوں اور قصبے ہیں، ان کی طرف دیکھیں کہ اُن کا اور وہاں رہنے والوں کیا حال ہے، ان کے حالات کس طرح ٹھیک کیے جاسکتے ہیں۔

’’مجھے ان کا کچن میں جانا بالکل پسند نہیں‘‘ عمرانہ مقصود

انور مقصود کی اہلیہ، عمرانہ مقصود اپنی نصف صدی پر محیط ازدواجی رفاقت سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے کہتی ہیں، ’’ اس پورے عرصے میں، میری زندگی میں ایسا کوئی ایک لمحہ نہیں آیا کہ جب میں نے سوچا ہو کہ مَیں نے ان سے شادی کرکے کوئی غلط فیصلہ کیا۔ الحمدللہ، مَیں ان کے ساتھ بے حد خوش ہوں۔ زندگی میں اتار چڑھائو آتے رہتے ہیں۔ کبھی کچھ بگڑ بھی جاتا ہے، غلط بھی ہوجاتا ہے، لیکن ہم مل کے سنبھال لیتے ہیں۔ ہاں، یہ ہے کہ انھیں کھانا پکانے کا بہت شوق ہے۔ لیکن میری کبھی خواہش نہیں رہی کہ یہ کچھ پکائیں، کیوں کہ کھانا پکاتے وقت کچن میں سب کچھ بکھیر کر رکھ دیتے ہیں۔ 

ویسے کھانا بہت مزے کا پکاتے ہیں۔ پہلے تو گھمانے پھرانے بھی بہت لے کر جاتے تھے، لیکن اب اللہ ان کے ساتھ کسی کو کہیں نہ بھیجے، کیوں کہ اب جہاں بھی جاتے ہیں، ہوٹل کے ایک کمرے تک محدود ہوجاتے ہیں۔ ہم دونوں میں لڑائی جھگڑے بھی بہت ہوئے، لیکن زیادہ تر مَیں ہی لڑتی ہوں اور مَیں چاہے اِن سے جتنا مرضی جھگڑا کرلوں، مناتے یہی ہیں اور پھر سب سے اچھی عادت یہ ہے کہ جب میں غصّہ کرتی ہوں، تو یہ بالکل ٹھنڈے پڑجاتے ہیں۔‘‘

’’ابّا نے ہماری عادتیں خراب کردی ہیں‘‘ ارجمند احمد

انور مقصود کے صاحب زادے، بلال مقصود ، معروف پاپ بینڈ ’’اسٹرنگز‘‘ کے رُوحِ رواں ہیں، بلال کے تین بچّے زہرا، خضر اور میکائیل ہیں۔ جب کہ انور مقصود کی صاحب زادی، ارجمند اردو نیم کلاسیکل گانے، غزلیں شوق سے گاتی ہیں۔ اُن کی شادی اطہر احمد سے ہوئی، جو ایک بینکر ہیں اور اُن کی تین بیٹیاں ہیں، بڑی بیٹی عالیہ 23برس کی، انعم بیس برس اور سب سے چھوٹی انوشے اٹھارہ برس کی ہیں۔ اپنے والد سے متعلق ارجمند کا کہنا ہے ’’ابّا سے ہماری بہت دوستی ہے، اتنی کہ انھوں نے ہماری عادتیں خراب کردی ہیں۔ ہم یہاں ڈائننگ ٹیبل پر بیٹھے ہوتے ہیں اور وہ کچن میں کھانا پکارہے ہوتے ہیں، یہاں تک کہ خود کھانا نکال کربھی دیتے ہیں۔ کوئی مہمان آجائے، تو ہمیں بڑا عجیب محسوس ہوتا ہے۔

بہرحال، ہم اللہ تعالیٰ کا جتنا شُکر اد اکریں، کم ہے۔ ہمیں اتنے عظیم باپ کی اولاد ہونے پر فخر محسوس ہوتا ہے۔ جب میں چھوٹی تھی، اور ہم ابّا کے ساتھ کہیں باہر جارہے ہوتے تو مجھے بہت الجھن ہوتی کہ ہر کوئی اُنھیں توجّہ دیتا، ہر کوئی اُن سے بات کرنا چاہتا، اُس وقت مجھے لگتا کہ مَیں کہاں ہوں، لیکن جیسے جیسے بڑی ہوئی، پھر اُن کی شخصیت، حیثیت اور اہمیت کا ادراک ہوا کہ آخر کیوں لوگ ان کی طرف متوجّہ ہوتے ہیں، تو پھر میری سوچ بدل گئی۔‘‘

سنڈے میگزین سے مزید