وزیرِ اعظم عمران خان نے سپریم کورٹ آف پاکستان سے لیٹر گیٹ کی تحقیقات کے لیے عدالتی کمیشن بنانے کا مطالبہ کر دیا۔
ذرائع کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان نے لیٹر گیٹ کی تحقیقات کے لیے عدالتِ عظمیٰ سے ہائی پاور کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔
اس سلسلے میں وزیرِ اعظم عمران خان کے وکلاء آج سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے از خود نوٹس سے متعلق گزشتہ روز قانونی ٹیم سے مشاورت کی تھی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے حکومت گرانے کے لیے کی گئی عالمی سازش کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی جانب سے منحرف ارکان اور ہارس ٹریڈنگ کی تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان کا مؤقف ہے کہ نیشنل سیکیورٹی اجلاس میں بین الاقوامی سازش کو تسلیم کیا گیا۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ کرپٹ سیاستدانوں نے حکومت گرانے کے لیے عالمی ایجنڈے پر عمل کیا۔