وزیراعظم شہباز شریف اور کابینہ کے اراکین برطانیہ سے متحدہ عرب امارات کے لیے روانہ ہوگئے ہیں،جہاں وہ امارات کے مرحوم صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کے انتقال پر تعزیت کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے متحدہ عرب امارات سے اظہار یکجہتی کیلئے 13 مئی سے 3 روزہ قومی سوگ کا اعلان کر رکھا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق قومی سوگ کے دوران پاکستان کا قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔
دوسری جانب سندھ میں بھی متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کے انتقال پر 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔
سندھ حکومت کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق 3 روزہ سوگ کے دوران سندھ اسمبلی، سندھ ہائیکورٹ، سپریم کورٹ رجسٹری میں قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔
واضح رہے کہ دو روز قبل متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان انتقال کرگئے تھے۔
یو اے ای کی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کے انتقال پر چالیس روزہ سوگ اور 3 دن کی عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔