بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی جانب سے گستاخانہ بیان پر معطل کی جانے والی ترجمان نوپور شرما کو جان سے مارنے کی دھمکیاں ملنے کے بعد سیکیورٹی فراہم کردی گئی۔
گزشتہ روز نوپور شرما کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکیاں ملنے کا دعویٰ کیاگیا تھا۔
نوپور شرما نے ہراساں کیے جانے اور دھمکیوں کا حوالہ دیتے ہوئے پولیس سے سیکیورٹی فراہم کرنے کی درخواست کی تھی۔
واضح رہے کہ بی جے پی ترجمان نوپور شرما نے ایک ٹی وی چینل پر اسلام اور پیغمبرِ اسلام حضرت محمدﷺ کی شان اقدس میں گستاخانہ گفتگو کی تھی۔
بعدازاں نوپور شرما کو 5 جون کو توہین آمیز ریمارکس پر بی جے پی سے معطل کر دیا گیا تھا۔
دوسری جانب گستاخانہ بیان پر بھارت اور بیرون ملک غم و غصے کا اظہار کیا جارہا ہے جبکہ عرب ممالک میں ’بائیکاٹ انڈیا‘ مہم بھی چل پڑی۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مصر، سعودی عرب اور کویت میں بائیکاٹ انڈیا کی مہم شروع ہوگئی ہے۔