کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی ، ایوان نے بھارت میں گستاخانہ اقدامات کے خلاف مذمتی قراردادمتفقہ طور پر منظور کرلی جس میں کہا گیا ہے کہ بی جے پی کی قیادت نے شان رسالتﷺ میں توہین کر کے مسلم امہ کی دل آزاری کی ہے۔قرارداد پیپلزپارٹی کی خاتون رکن سعدیہ جاوید کی جانب سے پیش کی گئی۔قرارداد کے مطابق بھارتی انتہا پسند جماعت بی جے پی آر ایس ایس کی مسلمانوں کے خلاف متعصبانہ پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ بھارتی حکمران جماعت کے توہین آمیز بیانات کے خلاف وفاقی حکومت بھارت سے سخت احتجاج کرے۔ایوان میں قرارداد پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے ۔ پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر خرم شیر زمان نے کہا کہ حکومت پاکستان بھارتی گستاخانہ اقدامات کے خلاف او آئی سی میں معاملے کو اٹھائے کیونکہ یہ مسلمانوں کے ایمان کا معاملہ ہے۔ ایم کیو ایم کے رکن محمد حسین نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں کےخلاف انتہاپسندانہ اقدامات کئے جارہے ہیں جو انتہائی قابل مذمت عمل ہے۔