سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی ناکردہ گناہوں میں پھنسے ہوئے ہیں، میں آخری دن تک اُن کو بچاؤں گا۔
جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کے دوران فیصل واوڈا نے بانی پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل سے کہیں اور شفٹ کرنے کی تردید کی۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اڈیالہ جیل میں ہی ہیں، سابق وزیراعظم کی جان بچانی ہے تو پھر بی بی سے جان چھڑانی ہے۔
سینیٹر فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ بشریٰ بی بی اور اُن کے حواری لاشوں پر سیاست کرنا چاہتے ہیں، پوچھتا ہوں جو انہوں نے ڈی چوک پر کہا تھا تو پھر وہ واپس کیوں بھاگیں؟
اُن کا کہنا تھا کہ یہ قوم کے سامنے بے نقاب ہوچکے ہیں اب ڈرامہ بازی ہے، پی ٹی آئی کے اس ساری تگ و دو میں بانی چیئرمین کی تکالیف بڑھیں۔
سینیٹر فیصل واوڈ نے یہ بھی کہا کہ جب تک بی بی کی بانی پی ٹی آئی تک رسائی نہیں بانی پی ٹی آئی محفوظ ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل سے کہیں اور شفٹ کرنے کی بات قاسم سوری نے کی جو ملک سے بھاگے ہوئے ہیں، اُن کی بات کی اہمیت نہیں۔
سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ علی امین گنڈاپور پہلے بھی دھمکی آمیز بیانات دے چکے ہیں، پارٹی ورکرز علی امین گنڈاپور کو واپس جانے نہیں دے رہے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ چاہتے ہیں کہ کسی طرح گورنر راج لگے، گورنر راج نہیں لگنا۔