وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے پنجاب اسمبلی کے ضمنی الیکشنز میں 15 سے 16 نشستیں جیتنے کا دعویٰ کر دیا۔
جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کے دوران رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ یہ چاہتے تھے حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ کے عہدے سے ہٹادیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ’رن آف الیکشن‘ ہونا ہے تو بات ختم ہوگئی، حمزہ شہباز 17 اور 22 جولائی کو سرخرو ہوں گے۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ رن آف الیکشن میں حاصل کردہ ووٹوں سے 25 ووٹ مائنس ہوں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ یہ ساڑھے 3 سال مسلط رہے تو ملک کا حال یہ ہی ہونا تھا، ان کا آپس میں اختلاف تھا، یہ بری طرح ناکام ہوئے۔
رانا ثناء اللّٰہ نے یہ بھی کہا کہ مہنگائی کا ریکارڈ 2، 3 مہینوں میں نہیں پچھلے 4 سال میں ٹوٹا، کیا پچھلے 4 سالوں کے بھی ذمہ دار ہم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جو توشہ خانے پر ہاتھ صاف کرے اس سے ملکی خزانہ کیسے محفوظ رہ سکتا ہے، اربوں روپے کی پراپرٹی فرح شہزادی کے نام نکلی ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان کی کرپشن کے بینر بغیر اجازت کے ہیں تو اتار دیں، بدمعاشی کے ساتھ یہ نہیں لگیں گے، پوچھتا ہوں کیا انہوں نے فیس جمع کرا کے بینر لگائے تھے؟
اُن کا کہنا تھا کہ سینئر صحافی اور دانشور ایاز امیر نے ایک فنکشن میں جو باتیں کیں، حملے کے تانے بانے اُس سے ہی ملتے لگتے ہیں، عمران خان سے متعلق ملک پراپرٹی ڈیلرز کے حوالے کرنے کی بات درست ہے۔