• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بڑی عید بڑا مقابلہ! بڑے بجٹ کی 3 فلموں کے مابین زبردست دَنگل

فائل فوٹو
فائل فوٹو

آج بڑی عید کے موقع پر بڑا مقابلہ ہونے جارہا ہے کیونکہ ماہرہ خان، مہوش حیات اور نازش جہانگیر کی فلمیں ریلیز کے لیے تیار ہیں جبکہ ہمایوں سعید، فہد مصطفیٰ اور سمیع خان بھی میدان میں اتریں گے۔

سال کے وقفے کے بعد اس بار بڑی عید پر بڑے بجٹ کی تین فلموں کے مابین زبردست دَنگل ہونے جارہا ہے، توقع کی جارہی ہے کہ یہ ریلیز ہونے والی تین فلموں کا نتیجہ عیدالفطر پر ریلیز ہونے والی فلموں کی طرح نہیں ہوگا۔ 

2022ء کی عیدالاضحیٰ پر تین دل چسپ اور الگ الگ موضوعات پر بنائی گئی فلمیں سنیما گھروں کی زینت بنیں گی۔

ان فلموں کے دَنگل میں جیت کا تاج کس کے سر پر سجے گا، یہ کہنا قبل از وقت ہے، البتہ کوئی فن کار کہہ رہا ہے کہ ’’میں لندن نہیں جاؤں گا‘‘ اور کسی نے نعرہ لگایا ہے کہ ’’قائداعظم زندہ باد‘‘ تو درمیان میں کچھ ’’لفنگے‘‘ بھی میدان میں آگئے۔

ان تینوں فلموں کی ہیروئنوں ماہرہ خان، مہوش حیات اور نازش جہانگیر میں زبردست مقابلہ دیکھنے کو ملے گا کیونکہ فلم ریلیز ہونے سے قبل سب سپر ہٹ ہوتی ہیں۔

’قائداعظم زندہ باد‘ کی کاسٹ میں فہد مصطفیٰ، ماہرہ خان کے علاوہ جاوید شیخ، اسد علی پلیجو، محمود اسلم، نیر اعجاز، قوی خان، سلیم معراج اور معروف مزاحیہ اداکار ایاز خان شامل ہیں۔

فائل فوٹو
فائل فوٹو

فہد مصطفیٰ نے فلم میں پہلی بار پولیس انسپکٹر کا روپ اختیار کیا ہے جبکہ جاوید شیخ سندھی پولیس کانسٹیبل کے کردار میں نظر آئیں گے۔ نامور فن کار ایاز خان ٹریفک پولیس والے بنے ہیں۔ 

فلم کا ایک گانا ’’لُوٹا رے‘‘ بہت مقبول ہو رہا ہے، فلم کے ایک اور گیت کو بھارتی فلم کا چربہ بھی کہا جارہا ہے، فلم کی کہانی فضہ علی میرزا اور نبیل قریشی نے لکھی ہے، گلوکارہ آئمہ بیگ اور اسرار شاہ نے فلم کے گیت گائے ہیں۔ 

اب اگر ہم فلم ’’لندن نہیں جاؤں گا‘‘ کی کاسٹ پر بات کریں تو اس میں مہوش حیات اور ہمایوں سعید کے علاوہ کبریٰ خان، گوہر رشید واسع چوہدری، سہیل احمد بھی شامل ہیں۔ 

فائل فوٹو
فائل فوٹو

عیدالاضحیٰ کی فلموں میں تیسری فلم ’’لفنگے‘‘ بھی ریلیز ہو رہی ہے، اس کی کاسٹ میں نازش جہانگیر، سمیع خان، نبیل گبول، حسنین اختر، مانی اور بہروز سبزواری شامل ہیں، یہ ایک ڈراؤنی فلم ہے جس میں مزاح بھی شامل کیا گیا ہے۔

فائل فوٹو
فائل فوٹو


انٹرٹینمنٹ سے مزید