مرتّب: عالیہ کاشف عظیمی
سنڈے میگزین کے پلیٹ فارم سے ہم نے آپ کو عیدالاضحٰی کے موقعے پر پیغامات لکھ بھیجنے کا سندیسہ دیا، جواباً دِلی جذبات کی ترجمانی کرتے متعدّد پیغامات موصول ہوئے، جن کی ایک اشاعت آپ کی نذر کی جاچُکی ہے۔ آج، رہ جانے والے پیغامات کی دوسری اشاعت پیشِ خدمت ہے۔
( کراچی کے باسیوں کےنام)
اہلیانِ کراچی! سدا شاد و آباد رہو۔ (القاسم اینڈ برادرز، کراچی کی جانب سے)
(پیارے پاپا شہید کے نام)
پاپا! خوشی کا کوئی بھی موقع ہو،آپ کے بغیر ہمارے دِل کاموسم خزاں جیسا ہی رہتا ہے۔ (دختر پروفیسر ممتاز حسین، کوئٹہ سے)
(اپنوں کے لیے)
ڈاکٹرسیّد سیف الرحمان، اکرم سلیمان، سعد مصطفیٰ، سلیم رضا، مشتاق احمد، خلیل الرحمٰن چاچڑ، دیارِغیر میں مقیم زیاد عاقل، ذوالفقار تنولی، طارق اقبال، ایاز مصطفیٰ، حفیظ جدون اور پٹارو کی 80ء کی نیو اینٹری !میری دِلی دُعا ہے کہ جہاں رہو ، مُسکراہٹیں بکھیرتے رہو۔ (ضیاء الحق قائم خانی، جھڈّو، میر پورخاص کی جانب سے)
(پیارے بیٹے، حسّان عادل کے اساتذہ کےنام )
میڈم انیقہ شفیق، مِس آمنہ مدثر، سر امیر شوکت علی، مِس ثمن شہزاد، مِس ماہ رُخ، مِس شازیہ اعوان، مِس بینش بتول، مِس فضّہ شہزاد، مِس مریم اور مِس سمیرا عامر!اللہ تعالیٰ آپ سب کا دامن خوشیوں سے بَھرا رکھے۔دُعا ہے کہ میرا بیٹا اپنے شفیق، مہربان اساتذہ کی رہنمائی میں کام یابیوں کے سنگِ میل طے کرکے مُلک و قوم کا خُوب نام روشن کرے۔ (فوزیہ ناہید سیال، لاہور کی دُعا)
(اُمّتِ مسلمہ کے لیے)
عید الاضحٰی ہمیں ایثار و قربانی کا درس دیتی ہے، جیسےحضرت ابراہیمؑ اللہ کی راہ میں اپنے پیارے بیٹے حضرت اسماعیلؑ کو قربان کرنے کے لیے تیار ہوگئے اور حضرت اسماعیلؑ نے بھی ربّ کے حکم پر سرتسلیمِ خم کردیا۔ اور پھر رب کی بارگاہ میں باپ، بیٹے کا جذبہ یوں قبول ہواکہ اس کے بعد رہتی دُنیا تک اُمّتِ مسلمہ کو اسی قربانی کی یاد میں جانور ذبح کرنے کا حکم مل گیا۔یا اللہ ! اُمّتِ مسلمہ، ہمارے اعزّا و اقارب،خاص طور پرڈاکٹر ثریا بانو کھتری اور ڈاکٹر قراۃالعین کا بخت بُلند فرما ۔ (ماریہ، پلوشہ، ایمان نُور اور مشہود، بوراکے،کیلی فورنیا سے)
(محصورینِ پاکستان کے نام)
عید الاضحٰی اللہ تعالیٰ کی راہ میں قربانی کی یاد دلاتی ہے۔ قربانی کے حوالے سے محصورینِ پاکستان کی قربانیوں کو بھی ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، جو بنگلادیش کے کیمپس میں زندہ لاشیں بن کر کسمپرسی کی زندگی بسر کررہے ہیں۔اللہ تعالیٰ ان کی مشکلات آسان فرمائے۔ (محمّد لیئق شہرت حسین، عزیز آباد، فیڈرل بی ایریا، کراچی کی جانب سے)
(اہلِ اسلام کے نام )
اللہ کرے، کُل اُمّتِ مسلمہ اتحاد و یگانگت کی لڑی میں پروجائے۔ (صائمہ مسلم، کراچی کی دُعا)
(اپنی بیگم، شازیہ عمران کی نذر)
دُعا ہے کہ تم ہمیشہ ہنستی مُسکراتی رہو۔ (عمران خالد خان، گلستانِ جوہر، کراچی سے)
(اپنے پیاروں کے لیے)
میری پیاری باجی رضوانہ کے دُنیا سے چلے جانے کے بعد یہ پہلی عید الاضحٰی تھی، جو خاموشی سے گزر گئی۔ دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کے درجات بُلند فرمائے اور ہمیں صبرِ جمیل عطا کرے۔ (ڈاکٹر زنیرا فیض)
(ہر ایک کے نام)
’’حضرت ابراہیم ؑنے کہا کہ بیٹا! مَیں خواب میں دیکھتا ہوں کہ گویا تم کو ذبح کر رہا ہوں، تو تم سوچ لو کہ تمہارا کیا ارادہ ہے؟ بیٹے نے جواب دیا، ابّا جان! جو آپ کو حکم ہوا ہے، وہی کیجیے۔ اللہ نے چاہا، تو آپ مجھے صابرین میں سے پائیں گے۔ اس طرح جب دونوں نے حکم مان لیا اور باپ نے بیٹے کو ماتھے کے بل لٹا دیا، تو خواب کو سچا کر دکھایا اور ہم نیکوکاروں کو ایسا ہی بدلہ دیا کرتے ہیں۔‘‘(سورۃ الصفٰت،آیت نمبر101تا103 ) اللہ کے دو محبوب ترین پیغمبروں، باپ اور بیٹے کی یہ گفتگو ہر دَور کے والدین اور ان کی اولاد کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ (ڈاکٹر محمّد مختار، نشتر ڈینٹل کلینک، سرگودھا کا پیغام)
(والدِ محترم، آفاق اللہ خان کے لیے)
دینِ اسلام میں والدین کے ساتھ حُسنِ سلوک کی تاکید کی گئی ہے۔ سورۃ النساء آیت نمبر 36میں ہے،’’اور اللہ کی عبادت کرو اور اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہراؤ اور والدین سے اچھا سلوک کرو۔‘‘دَورِ حاضر میں ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنے والدین کو اہمیت دیں۔ ان کی نصیحتوں پر عمل پیرا ہو کر دُنیا و آخرت کی کام یابیاں سمیٹیں۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو اپنے والدین کی اطاعت کی توفیق عطا فرمائے۔ (ارسلان اللہ خان،گلستانِ حدید، فیز1،بِن قاسم ٹاؤن، کراچی سے)
(بابا جانی کے نام)
بابا جانی!جو محبّت و شفقت آپ اپنی بیٹیوں سے کرتے ہیں، اُس سے کہیں زیادہ محبّت آپ اپنی نواسیوں سے کرتے ہیں۔ مجھے آپ پر فخر ہے۔ میری دُعا ہے اللہ پاک ہر بیٹی کے سَر پر اس کے باپ کا سایہ سلامت رکھے۔ ( قراۃ العین کا پیار)
(ابّا(مرحوم) کے لیے)
ابّا جان! آپ کو ہم سے جدا ہوئے60 برس بیت گئے۔آپ نے ہمارے لیے بہت قربانیاں دیں۔ آپ نے تاعُمر دُکھی انسانیت کی خدمت کی شمع روشن رکھی اور خاموشی سے نادار افراد کی مدد کرتے رہے۔کبھی کسی کو دُکھ نہیں دیا، ہمیشہ دُعا ہی دی۔اللہ تعالیٰ آپ کی لحد کو روشنی و نور سے بَھرا رکھے۔ (سیّد شاہ عالم زمرد اکبرآبادی، راول پنڈی کی دُعا )
(جان سے پیاری فیملی کے نام)
پیاری امّی اور اہلِ خانہ! اللہ پاک آپ سب کو خوش باش،شاد و آباد رکھے۔ (عالم، فیروز، شہروز اور ہمشیرہ، کراچی سے)
(پیاری فیملی کے لیے)
دُعا ہے کہ ربِ کائنات ہم سب کی باہمی محبّت برقرار رکھے۔ (عمران، فرحان، نعمان اینڈ سسٹرز، کراچی کی دُعا)
(منہگائی کے مارے، اپنے وطن کے باسیوں کے لیے)
یا اللہ!منہگائی کے مارے اُن تمام اہلیانِ وطن کی معاشی مشکلات آسان فرما دے، جو اِمسال اپنے دِلوں میں قربانی کی حسرت ہی لے کے رہ گئے۔ (محمّد اشفاق بیگ، ننکانہ صاحب کی طرف سے)
(اہلِ سلام کے نام)
یا اللہ! اہلِ اسلام کا دُنیا بَھر میں بول بالا ہو۔ (فرید اقبال انجم، محمّد فصیح اور محمّد مسعود علی، غلّہ منڈی، پاک پتن کی دُعا )