پاکستانی خوبرو اداکارہ عریشہ رضی خان نکاح کی ویڈیو وائرل کرنے پر اپنے ہی فوٹو گرافر پر برس پڑیں۔
22 سالہ عریشہ رضی خان کی گزشتہ روز اچانک سوشل میڈیا پر نکاح کی تصویریں اور ویڈیوز وائرل ہوئیں جنہیں دیکھ کر اداکارہ کے مداح خوش گوار حیرانی کا شکار نظر آئے۔
اسٹوڈیو 86 نامی انسٹا گرام اکاؤنٹ کی جانب سے عریشہ رضی کے نکاح کی ویڈیو شیئر کی گئی جنہوں نے اُن کے نکاح کا ایونٹ کور کیا تھا۔
عریشہ رضی کے نکاح کی ویڈیو اُن کی اجازت کے بغیر سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی، اداکارہ اسٹوڈیو 86 کی اس حرکت پر شدید غصہ ہوئیں۔
عریشہ رضی نے اپنی انسٹا گرام اسٹوری میں کہا کہ آپ سبھی لوگ میرے نکاح کی ویڈیو دیکھ چکے ہیں، یہ ایک نجی تقریب تھی، یہ بےحد شرم کی بات ہے کہ اسٹوڈیو 86 نے میری پرائیویسی کا خیال نہیں رکھا۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ اس کمپنی نے صرف ویوز کے لیے میری اجازت کے بغیر یہ ویڈیو پوسٹ کی ہے۔
دوسری جانب اسٹوڈیو 86 نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر عریشہ رضی کو کیے گئے وائس میسیجز کا اسکرین شاٹ شیئر کیا۔
کمپنی نے کہا ہے کہ اُنہوں نے اداکارہ سے اجازت مانگی تھی، اداکارہ نے میسیج دیکھ لیا تھا جس کا مطلب یہی تھا کہ اُنہیں ویڈیو پوسٹ کرنے سے مسئلہ نہیں۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل عریشہ کے نکاح کی ویڈیو اور تصویروں کو انٹرنیٹ صارفین کی جانب سے بے حد پسند کیا جا رہا ہے۔