• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد ( نمائندہ جنگ) وزیر اعظم شہباز شریف نے نائب وزیرِ اعظم و وزیر دفاع، ولی عہد سعودی عرب، شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود کو ٹیلی فون کیا اور انہیں دورہ پاکستان کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی، ولی عہد نے وزیرِ اعظم اور پاکستانی قوم کو 75؍ویں یوم آزادی پر مبارکباد پیش کی، انہوں نے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا اور پاکستان- سعودی عرب کے مابین برسوں پر محیط مضبوط برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔


 وزیرِ اعظم شہباز شریف اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیرِ اعظم کے اپریل 2022 کے دورے کے دوران لئے گئے فیصلوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔

 دونوں ر ہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین سرمایہ کاری، توانائی اور تجارت کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید تیز کرنے پر اتفاق کیا۔ وزیر اعظم نے برادر ملک سعودی عرب کی پاکستان کے مشکل وقت میں مدد کا ذکر کرتے ہوئے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا پاکستان کی معیشت کے استحکام اور ترقی کیلئے حالیہ تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

وزیرِ اعظم نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو پاکستان کے جلد دورے کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کر لیا۔

علاوہ ازیں ملک میں سرمایہ کاری پر اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے بیرونی سرمایہ کار کمپنیوں بالخصوص گوادر فری زون میں سرمایہ کاری کرنے والی کمپنیوں کے مسائل کے حل کیلئے کمیٹی قائم کر دی ہے اور ہدایت کی ہے کہ ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی راہ میں حائل تمام تر رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کیا جائے ۔

 اجلاس میں وفاقی وزرا مفتاح اسماعیل، چوہدری سالک حسین، احسن اقبال معاونینِ خصوصی طارق فاطمی، ظفرالدین محمود اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزیراعظم نے کمیٹی کو دس دن کے اندر تفصیلی رپورٹ اور سفارشات مرتب کرکے پیش کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ چینی سرمایہ کار کمپنیوں کو ترجیحی بنیادوں پر سہولت فراہم کی جائے۔

چینی ورکرز کے ویزا کے حصول میں تمام رکاوٹوں کی فوری حل کیا جائے۔ چینی ورکرز کے ویزا میں سی پیک اور دوسری کمپنیوں کے ورکرز کی تفریق ختم کرکے ویزا کے طریقہ کار کو سہل اور تیز کیا جائے۔ 

اہم خبریں سے مزید