• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت سے پاور پلانٹ کی مشینری درآمد کے معاملے کا ڈراپ سین ہوگیا

لاہور(مانیٹرنگ سیل) وزیراعظم شہباز شریف کی لیک آڈیو میں مریم نواز کے داماد کے بھارت سے پاورپلانٹ کی مشینری درآمد کرنےکے معاملےکا ڈراپ سین ہوگیا،2020میں حکومتی فیصلے کے بعد مریم نواز کے داماد نے پاورپلانٹ کی درآمد کیلئے چین سے رابطہ کیا۔

ذرائع کے مطابق مریم نواز کے داماد کے زیرتعمیر پاورپلانٹ کا 60 فیصد کام 2020 سے پہلے مکمل ہوچکا تھا، حکومت نے 2020 میں بھارت سے ہر طرح کی درآمد پر مکمل پابندی لگادی تھی، یہ سوال پیدا ہوا تھا کہ پابندی سے پہلے شروع ہونے والے منصوبوں کیلئے حکومت کی کیا پالیسی ہوگی؟حکومت پاکستان کی طرف سے جواب دیا گیا تھا کہ پالیسی تبدیل ہوچکی ہے، اگرچہ آپ کے ساتھ ناانصافی ہے لیکن پالیسی میں تبدیلی کی وجہ سے آپ کو متبادل ذرائع تلاش کرنا ہوں گے، حکومتی فیصلے کے بعد مریم نواز کے داماد نے پاورپلانٹ کی درآمد کیلئے چین سے رابطہ کیا۔

ذرائع کے مطابق پاور پلانٹ کی 60 فیصد مشینری 2020سے پہلے کابینہ کے رکن رزاق داؤد کی کمپنی ڈیسکون نے درآمد کی جس کے بعد کمپنی نے باقی 40 فیصد مشینری کی درآمدکیلئے چین کا رخ کیا جس کیلئے تقریباً ایک ارب روپے اضافی رقم ادا کی جارہی ہے،ہاؤسنگ سوسائٹی کیلئے بجلی کی ترسیل کرنے والی کمپنی نے گرڈ اسٹیشن دینے سے انکار کردیا تھا۔

 2020 میں لاہور ہائی کورٹ نے متعلقہ ہاؤسنگ سوسائٹی کے حق اور ڈسکو کیخلاف فیصلہ دیا تھا، عدالتی فیصلے کے باوجود تاحال گرڈ اسٹیشن نہیں لگایا گیا۔خیال رہےکہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف کی مبینہ آڈیو ٹیپ سامنے آئی تھی۔

 آڈیو ٹیپ میں ایک شخص سے گفتگو میں شہباز شریف کو بتایا جارہا ہےکہ مریم نواز اپنے داماد کیلئے بھارت سے پاور پلانٹ درآمد کرنے کا کہہ رہی ہیں، اس پر شہباز شریف جواب دیتے ہیں وہ ہمارے داماد ہیں، آپ انکو ایشوز بتادیں، پلانٹ بھارت سےآدھا آگيا ہے، وہ مانتے ہیں کہ یہ ایشو گلے پڑ جائے گا، آپ ان سے بات کریں، میں ترکی سے واپس آؤں گا تو بلاکر انہیں سمجھا دوں گا، اس پر دوسرا شخص شہباز شریف کو مشورہ دیتاہے کہ یہ کام اسحاق ڈار سے کروالیں تو شہباز شریف کہتے ہیں ٹھیک ہے ایسے کرلیں۔

اہم خبریں سے مزید