کراچی(ٹی وی رپورٹ/اسٹاف رپورٹر) وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری کو ملاقات میں تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرادی۔ وزیراعظم سے گورنر سندھ اور ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے ملاقات کی جس میں ایم کیو ایم قیادت نے پیپلزپارٹی کے ساتھ معاہدے پرعمل درآمد نہ ہونے پر تحفظات کا اظہار کیا۔ ایم کیو ایم رہنماؤں نے وزیراعظم سے معاہدے پر عملدرآمد کیلئے مداخلت کی درخواست کی اور شکوہ کیا کہ اگر اس سے متعلق کچھ نہیں ہوا تو حکومت میں رہنے کا جواز نہیں بنتا، اپنے ووٹرز اور عوام کو جواب دینا مشکل ہوگیا ہے۔ وزیراعظم نے وفد کو تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں ایم کیو ایم نے سندھ حکومت کے رویہ پر شکایات کے انبار لگادیئے۔