• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان نے اپنے اوپر ہونے والے قاتلانہ حملے کا الزام 3 لوگوں پر عائد کردیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے اپنے اوپر ہونے والے قاتلانہ حملے کا الزام 3 لوگوں پر عائد کردیا۔

پی ٹی آئی رہنما اسد عمر اور میاں اسلم اقبال نے ایک ویڈیو بیان جاری کیا ہے۔

ویڈیو بیان میں اسد عمر نے کہا کہ عمران خان نے مجھے اور اسلم اقبال کو بلایا اور  کہا کہ میری طرف سے یہ بیان جاری کریں کہ میرے  پاس پہلے سے اطلاع آ رہی تھی، مجھے 3 لوگوں پر یقین ہے جنہوں نے یہ سب کروایا۔

عمران خان نے کہا یہ 3 لوگ شہباز شریف، رانا ثنا اور ایک سینئر فوجی افسر ہیں، ان کے پاس معلومات پہلے سے آرہی تھیں، اس بنیاد پر کہہ رہے ہیں یہ قاتلانہ حملہ ان تینوں نےکروایا۔

اسد عمر کے مطابق عمران خان نے کہا کہ عمران خان نے کہا ہم جہاد پر نکلے ہوئے ہیں، عمران خان نے کہا کہ ہمیں اللّٰہ پر معاملہ چھوڑ دینا چاہیے، اللّٰہ میری حفاظت کرے گا۔

میاں اسلم اقبال نے کہا کہ ہم ان تینوں افراد پر ایف آئی آر کٹوانے جا رہے ہیں، متعلقہ آئی جی کو ہم ایف آئی آر کیلئے درخواست دے رہے ہیں، ان تینوں افراد پر ایف آئی آر درج ہوگی۔

بیان میاں اسلم  اقبال کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا اس واقعے سے متعلق جے آئی ٹی بنائیں گے، ہم عمران خان کی کال کا انتظار کریں گے اور اس کے مطابق چلیں گے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ کسی کو شک نہیں رہنا چاہیے عمران خان کہتے ہیں حقیقی آزادی کیلئے جان دینے کو تیار ہوں، بہت زیادہ خبریں آ رہی تھی کہ سیکیورٹی کا خطرہ ہے، عمران خان کو بتایا کہ یہ خبریں آ رہی ہیں۔

اسد عمر نے کہا کہ دل سے یقین ہے کہ عمران خان پر اللّٰہ کا سایہ ہے، عمران خان نے ساری قوم کے سننے کیلئے یہ پیغام دیا ہے، تمام پارٹی کے ورکرز عمران خان کی کال کا انتظار کریں گے، عمران خان جس وقت بھی کال دیں گے ملک بھر میں احتجاج شروع ہو جائے گا۔

قومی خبریں سے مزید