الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات اپریل 2023ء کے آخری ہفتے میں کرانے کا اعلان کردیا۔
چیف الیکشن کمشنر کی زیرصدارت اجلاس میں پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کرانے کی تاریخ کے حوالے سے فیصلہ ہوگیا۔
دوران اجلاس چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن تمام صوبوں میں بلدیاتی انتخابات یا تو کرواچکا یا کروانے والا ہے، صرف پنجاب میں تاخیری حربوں کی وجہ سے انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ہوسکا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں 2 بار بلدیاتی قانون تبدیل کیا گیا، اگر اب لوکل گورنمنٹ قوانین میں کوئی تبدیلی کی گئی تو الیکشن کمیشن اپنے آئینی اختیارات استعمال کرکے بلدیاتی انتخابات کروادے گا۔
دوران اجلاس چیف سیکریٹری پنجاب نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کے انعقاد کی تاریخ دیتے وقت اگلے رمضان کو مدنظر رکھا جائے، الیکشن کمیشن مناسب تاریخ کا فیصلہ کرے۔
اس پر الیکشن کمیشن نے کہا کہ پنجاب کے بلدیاتی اداروں کی میعاد یکم جنوری 2022 کوختم ہوچکی ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق حکومت پنجاب نے پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 16 نومبر 2022ء کو نوٹیفائی کیا، نئے قانون کے تحت ای سی پی تیسری بار حلقہ بندیاں کرنے جارہا ہے۔