برطانوی ہائی کمشنر کرسچین ٹرنر پاکستان اور انگلینڈ کا ٹیسٹ میچ دیکھنے کے لیے رکشے میں پنڈی اسٹیڈیم میں روانہ ہو گئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئےویڈیو پیغام میں کرسچین ٹرنر نے کہاکہ انگلینڈ اور پاکستان نے کرکٹ کی دنیا میں دھوم مچا دی ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان میں ہونےوالی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں دونوں ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوا اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل بھی یادگار تھا۔
کرسچین ٹرنر کا کہنا ہے کہ دونوں بار انگلینڈ کی ٹیم بازی لے گئی اور اب سب کی نظریں ٹیسٹ سیریز پر ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ یکم سے 21 دسمبر تک جیت اسی کی ہوگی جو گرم جوشی کا مظاہرہ کرے گا، لڑکوں جم کر کھیلنا کیونکہ ہے جذبہ جنون تو ہمت نہ ہار۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہےکہ کرسچین ٹرنر کے عقب میں ایک رکشہ بھی موجود ہے جس کاڈرائیوران کی گفتگو ختم ہوتے ہی پنجابی میں پوچھتا ہے کدھر جانا ہے؟
برطانوی ہائی کمشنر نے بھی اس پر پنجابی میں کہا کہ راجہ جی پنڈی جلساں تے میچ تکساں۔