ڈیرہ اسماعیل خان (ڈی آئی خان) میں درازندہ میں پولیس اور کسٹم کی مشترکہ چیک پوسٹ کےقریب دھماکے میں 11 افراد شہید اور 30 زخمی ہوگئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درازندہ میں مبینہ خودکش دھماکا ہوا ہے، دھماکا ڈی آئی خان، کوئٹہ روڈ پر انسدادِ اسمگلنگ ’امن میلہ پولیس چیک پوسٹ‘ پر ہوا، بارود سے بھری گاڑی انسدادِ اسمگلنگ چیک پوسٹ سے ٹکرائی گئی۔
انسدادِ اسمگلنگ چیک پوسٹ پر حملہ، دہشت گردوں اور جرائم پیشہ کے گٹھ جوڑ کا ثبوت ہے، خوارج کی جانب سے ایک بار پھر سیکیورٹی فورسز اور شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیک پوسٹ پر دھماکے میں 2 سال کے بچے اور 2 خواتین سمیت 11 افراد شہید ہوئے ہیں۔
دھماکے میں کسٹم، پولیس اہلکاروں اور شہریوں سمیت 30 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک ہے، شہداء کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔