• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: درجنوں مردوں کے گروہ نے گھر میں گھس کر 24 سالہ لڑکی کو اغوا کرلیا


گزشتہ روز درجنوں مردوں کے ایک گروہ نے 24 سالہ لڑکی کو گھر میں گھس کر اغواء کرلیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست تیلگانہ میں ویشالی نامی 24 سالہ لڑکی کو اس کی منگنی کے دن اس کے گھر میں گھس کر اغواء کرلیا، تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک گھنٹے میں لڑکی کو بازیاب کروا کر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

پولیس کے مطابق نوجوان لڑکی کے والدین نے مبینہ طور پر الزام عائد کیا کہ ان کے گھر میں تقریباً 100 نوجوان لڑکے زبردستی گھس آئے اور ان کی بیٹی کو اغواء کرکے لے گئے ۔

پولیس کا کہنا ہے کہ وائرل ہونے والی ویڈیو میں تقریباً 30 نوجوانوں کو دیکھا جاسکتا ہے جو گھر میں توڑ پھوڑ ، گاڑی کی کھڑکیوں کو توڑتے اور ایک شخص کو گھر سے باہر گھسیٹتے اور لاٹھیوں اور سلاخوں سے مارتے دکھائی دیئے۔

لڑکی کے اہل خانہ نے نوین ریڈی نامی شخص پر الزام عائد کیا ہے جو مبینہ طور پر ویشالی سے شادی کرنے کے لیے اسے ہراساں کر رہا تھا۔

پولیس نے بتایا کہ نوین نے دعویٰ کیا ہےکہ ویشالی اس کی بیوی ہے اور جھگڑے کے باعث اس نے گھر واپس جانے سے انکار کر دیا تو اس نے اپنے چائے کے اسٹال پر کام کرنے والے ملازمین کے ساتھ مل کر لڑکی کو اغواء کرنے کی کوشش کی۔

پولیس کو دیئے گئے ویشالی کے بیان کے مطابق اس کا نوین کے ساتھ ماضی میں تعلق تھا لیکن دونوں نے کبھی شادی نہیں کی۔

پولیس نے بتایا کہ انہوں نے اس مقدمے میں ملوث 18 افراد کو گرفتار کر لیا، لیکن نوین تاحال فرار ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید