وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ افغانستان کو بتادیا کہ پاکستان کی سلامتی ہماری ریڈ لائن ہے۔
اسلام آباد میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کا اِن کیمرا اجلاس چیئرمین محسن داوڑ کی زیر صدارت ہوا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزارت خارجہ اور داخلہ کے حکام نے شرکت کی، شرکاء کو وزیر مملکت حنا ربانی کھر نے اپنے دورہ افغانستان پر بریفنگ دی۔
انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ افغانستان سے کہہ دیا کہ پاکستان کی سلامتی ہماری ریڈ لائن ہے، ہم پڑوسیوں سے اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں۔
حنا ربانی کھر نے مزید کہا کہ افغان حکام پر واضح کیا کہ ہمارے خلاف کالعدم ٹی ٹی پی کی کارروائیاں بند ہونی چاہئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ افغان حکام نے بھرپور تعاون کیا، انہوں نے یقین دلایا کہ ان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہوگی۔
وزیر مملکت برائے خارجہ امور نے یہ بھی کہا کہ دورے کے دوران افغان نائب وزیراعظم، وزیر خارجہ، وزیر تجارت اور خواتین چیمبر آف کامرس سے ملاقات کی۔