• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بچوں میں اسپتال کا خوف نکالنے کا انوکھا انداز


دنیا بھر میں چھوٹے بچے اسپتال اور ڈاکٹرز کانام سن کر ہی ڈر جاتے ہیں اسی لیے بیلجیئم میں ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جہاں بچوں میں سے اس خوف کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق بیلجیئم میں ’ٹیڈی بیئر کلینک‘میں بچوں کو اپنے پسندیدہ کھلونوں میں بیماری کی تشخیص اور ان کا علاج کرانے کے لیے بلایا گیا۔

اس موقع پر کئی چھوٹے بچے ٹیڈی بیئر اور گڑیاؤں کو لے کر پہنچ گئے۔

رپورٹس کے مطابق ’ٹیڈی بیئر کلینک‘میں بچوں کے سامنے ان کے کھلونوں کا ایکس رے کیا گیا اور علاج بھی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بیلجیئم میں میڈیکل کے طلبہ بچوں کے لیے ورکشاپس کا انعقاد کر رہے ہیں جس کا مقصد بچوں میں سے اسپتال کے خوف کو ختم کرنا ہے۔

ٹیڈی بیئر کلینک کی صدر لورین این سیلمو کا کہنا ہے کہ بچوں کو جس چیز کا پہلے سے پتا نہیں ہوتا وہ اس سے خوفزدہ ہوتے ہیں اور اسی لیے وہ ڈاکٹرز سے ڈرتے ہیں اور ان سے تعاون نہیں کرتے۔

انہوں نے کہا کہ یہاں آکر اور ڈاکٹرز سے بات چیت کر کے بچوں کو پتا چلے گا کہ اسپتال میں کام کیسے ہوتا ہے۔