• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آسکرز ایوارڈز میں’ناٹو ناٹو‘پر شاندار پرفارمنس، ڈولبی تھیٹر تالیوں سے گونج اُٹھا

فوٹو، بین الاقوامی میڈیا
فوٹو، بین الاقوامی میڈیا

آسکر ایوارڈز 2023ء کی تقریب میں مشہور بھارتی گانے’ناٹو ناٹو‘ پر بھارتی گلوکاروں کی شاندار پرفارمنس دیکھ کر لاس اینجلس کا  ڈولبی تھیٹر تالیوں سے گونج اُٹھا۔

ڈولبی تھیٹر میں جیسے ہی اداکارہ دیپیکا پڈوکون نے آسکر ایوارڈز کے اسٹیج پر آکر تامل زبان میں بننے والی فلم ’RRR‘ کے مشہور گانے’ناٹو ناٹو‘ کو متعارف کروایا اور پھر بھارتی گلوکار راہول سپلی گنج اور کالا بھیراوا نے ’ناٹو ناٹو‘ پر اپنی پرفارمنس کا آغاز کیا تو ایوارڈز کی تقریب میں موجود شرکاء کی زوردار تالیوں سے پورا تھیٹر گونج اُٹھا۔


اکیڈمی ایوارڈز کے اسٹیج پر اس پرفارمنس کے لیے باصلاحیت ڈانسرز کے ایک گروپ نے بھارتی گلوکاروں کا ساتھ دیا جبکہ گانے کے موسیقار ایم ایم کیراوانی اور اداکار رام چرن اور این ٹی آر جونیئر شرکاء کے درمیان بیٹھے اس شاندار پرفارمنس کو دیکھ کر محظوظ ہوئے۔

اس شاندار پرفارمنس کے اختتام پر شرکاء نے کھڑے ہوکر بھارتی گلوکاروں کو داد دی۔

یاد رہے کہ ’ناٹو ناٹو‘ کو ایم ایم کیروانی کی موسیقی، چندربوس کے بول، راہل اور کالا کی بہترین آواز، پریم رکشتھ کی منفرد کوریوگرافی اور اداکار رام چرن اور این ٹی آر جونیئر کے ڈانس نے مل کر جاندار بنایا ہے۔