• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کپتان بننے کے بعد شاداب خان کا پہلا بیان آگیا

شاداب خان—فائل فوٹو
شاداب خان—فائل فوٹو

افغانستان کے خلاف ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں قومی کرکٹ ٹیم کا کپتان بننے کے بعد شاداب خان کا پہلا بیان آ گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری ویڈیو پیغام میں شاداب خان نے کہا ہے کہ سب سے پہلے تو اللّٰہ کا شکر ادا کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے جو ذمے داری سونپی گئی ہے، اپنی قابلیت کے مطابق نبھانے کی کوشش کروں گا، نئے کھلاڑیوں کو ٹیم میں جگہ بنانے پر مبارکباد دیتا ہوں۔

شاداب خان کا کہنا ہے کہ کھلاڑی اس ٹارگٹ کے ساتھ کھیلنا شروع کرتے ہیں کہ اعلیٰ سطح پر جائیں، اس سے بڑھ کر کچھ نہیں ہو سکتا کہ آپ اپنے ملک کی نمائندگی کریں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے کہا کہ یہ ایک ینگ ٹیم ہے اور میں بہت پُرجوش ہوں، ینگ ٹیم میں انرجی ہوتی ہے کوشش کروں گا کہ یہ انرجی خود بھی لوں، یہ ایک دلچسپ سیریز ہو گی۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہمیشہ کی طرح پاکستان ٹیم کو سپورٹ کریں، کوشش کریں گے کہ جس طرح پی ایس ایل کے میچز دلچسپ ہوئے یہ سیریز بھی اسی طرح ہو۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے افغانستان کے خلاف ہونے والی سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا۔

شاداب خان (کپتان)، عبد اللّٰہ شفیق، اعظم خان، فہیم اشرف، احسان اللّٰہ، عماد وسیم، محمد حارث، افتخار احمد، محمد نواز، وسیم جونیئر، نسیم شاہ، صائم ایوب، شان مسعود، طیب طاہر اور زمان خان اسکواڈ میں شامل ہیں۔

اس کے علاوہ ابرار احمد، حسیب اللّٰہ اور اسامہ میر کو ریزرو کھلاڑیوں میں رکھا گیا ہے۔ 

کھیلوں کی خبریں سے مزید