قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے افغانستان کے خلاف 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں شاداب خان کو کپتان بنانے کے فیصلے کو سراہا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں شاہد آفریدی نے شاداب خان کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کو افغانستان کے خلاف ہونے والی سیریز کے لیے کپتان منتخب ہونے پر مبارک ہو۔
شاہد آفریدی نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے سینئر کھلاڑیوں کو آرام دے کر شاداب خان جیسے نوجوان کو قیادت دینے کے فیصلے کو دانشمندانہ قرار دیا ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم سابق کپتان نے یہ بھی کہا کہ شاداب کو خود کو میدان میں ثابت کرتے ہوئے دیکھنے کے لیے میں پُرجوش ہوں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے افغانستان کے خلاف ہونے والی سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا۔
شاداب خان (کپتان)، عبد اللّٰہ شفیق، اعظم خان، فہیم اشرف، احسان اللّٰہ، عماد وسیم، محمد حارث، افتخار احمد، محمد نواز، وسیم جونیئر، نسیم شاہ، صائم ایوب، شان مسعود، طیب طاہر اور زمان خان اسکواڈ میں شامل ہیں۔
اس کے علاوہ ابرار احمد، حسیب اللّٰہ اور اسامہ میر کو ریزرو کھلاڑیوں میں رکھا گیا ہے۔