• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی بی اے کو صحافت اور عمومی نفسیات میں ایم ایس کرانے کی اجازت

کراچی( سید محمد عسکری) ہائر ایجوکیشن کمیشن نے انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن( آئی بی اے) کراچی کو صحافت اور عمومی نفسیات میں ماسٹرز آف سائنس ( ایم ایس) شروع کرنے کی اجازت دیدی ہے۔ اس سلسلے میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر کوالٹی ایشورنس ڈویژن ثناء اللہ میمن نے آئی بی اے کراچی کے رجسٹرار کو خط جاری کردیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ آئی بی اے کراچی نے صحافت میں ماسٹرز آف سائنس ( ایم ایس) کرنے کے لیے دو پی ایچ ڈی اساتذہ اسسٹنٹ پروفیسر عامر حمزہ مروان اور اسسٹنٹ پروفیسر شہرم مختار کا تقرر کردیا ہے جبکہ عمومی نفسیات میں ماسٹرز آف سائنس ( ایم ایس) کے لیے تین پی ایچ ڈی اساتذہ اسسٹنٹ پروفیسر عائشہ ضیاء، اسسٹنٹ پروفیسر سحر ندیم اور صائمہ سیف کا تقرر کردیا ہے، چنانچہ پی ایچ ڈی فیکلٹی کی تقرری کے بعد ایچ ای سی کو ان دونوں پروگرامز پر کوئی اعتراض نہیں ہے اور انھیں صحافت اور عمومی نفسیات میں ماسٹرز آف سائنس ( ایم ایس) شروع کرنے کی این او سی دی جاتی ہے۔ خط میں آئی بی اے کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ MS/MPhil/Ph.D کے لیے تجویز کردہ HEC کی پالیسیوں کی سختی سے تعمیل کرے۔ مساوی پروگرام، بشمول فیکلٹی کے لیے کم از کم معیار، پروگرام کا دورانیہ، کریڈٹ اوقات اور سمسٹر کے رہنما اصولوں کا خیال رکھے۔ خط میں کہا گیا ہے پوسٹ گریجویٹ پروگرام ریویو کمیٹی (PGPR) یونیورسٹی کے دورے کے دوران مذکورہ بالا پیرامیٹرز کی بھی نگرانی کرے گی۔ مزید برآں، فیکلٹی میں تبدیلی کی صورت میں، یونیورسٹی کوالٹی ایشورنس ڈویژن (QAD) کو فوری طور پر ڈیٹا بیس میں NOC کی حیثیت کو اپ ڈیٹ کرنے کے لیے مطلع کرے گی۔ مزید برآں خط میں کہا گیا ہے کہ اگر یونیورسٹی ایچ ای سی کے کم از کم معیارات/رہنمائی خطوط پر پورا اترنے کی اپنی اہلیت اور عزم کا مظاہرہ نہیں کر سکی تو ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) جاری کردہ این او سی کو واپس لینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ یاد رہے کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے چند سال قبل آئی بی اے کا صحافت میں ماسٹرز پروگرام تین پی ایچ ڈی اساتذہ نہ ہونے کے باعث بند کردیا تھا جس وقت پروگرام بند ہوا تھا اس وقت صحافت میں صرف ایک استاد پی ایچ ڈی تھا۔ دریں اثناء آئی بی اے کراچی ہائر ایجوکیشن کمیشن سے این او سی ملتے ہی صحافت میں ماسٹرز آف سائنس میں داخلوں کا اعلان کردیا ہے یہ داخلے 7 جولائی تک جاری رہیں گے۔
اہم خبریں سے مزید