ترکیہ کے شہر استنبول میں ایک بچے کی مسجد کے امام کے ساتھ کھیلتے ہوئے ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ استنبول کے ضلع مالٹیپ کی اورہان غازی مسجد میں جب امام مسجد قرآن کی تلاوت کر رہے ہوتے ہیں تو ایک ننھا بچہ ان کے پاس آکر کھڑا ہو جاتا ہے۔
پہلے تو بچہ کچھ دیر خاموش کھڑے ہوکر غور سے امام مسجد کی تلاوت کرتے دیکھتا رہتا ہے پھر ان کے چہرے کو چھونے کی کوشش کرتا ہے تو امام صاحب اسے پیار سے اپنی گود میں بِٹھاتے ہیں مگر ننھا سا شرارتی بچہ گود میں آرام سے بیٹھنے کی بجائے دوبارہ کھڑے ہوکر امام صاحب کے ساتھ کھیلنے لگ جاتا ہے۔
جس کے بعد امام صاحب اس بچے کے ساتھ کھیلتے بھی رہے اور قرآن پاک کی تلاوت بھی جاری رکھی۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے امام مسجد کے بچے کے ساتھ حسنِ سلوک کو سراہا جا رہا ہے۔