ہر طرف پانی ہی پانی تھا۔ گھنٹوں سفر کرنے کے بعد کوئی خشک جگہ میسّر آتی، تو ہم اسے غنیمت جانتے۔ صورتِ حال یہ تھی کہ مرنے والوں کی تدفین کے لیے پانی میں قبر کی جگہ ڈھونڈنا بھی مشکل ہو گیا تھا اور جو زندہ تھے،اُن کا بھی کوئی پرسانِ حال نہیں تھا۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں یہ ہمارا آٹھواں روز تھا۔ مَیں سیلاب زدہ علاقوں میں کام کرنے والی ڈاکٹرز کی پندرہ رُکنی ٹیم کا حصّہ تھا۔ صبح سویرے ہی ہم کیمپ سے نکل جاتے، وہاں کشتی ہی سواری کا واحد ذریعہ تھی، گاؤں گاؤں گھوم کر لوگوں کی جس حد تک مدد اور علاج ممکن تھا، ہماری ٹیم فراہم کر رہی تھی۔ پورا دن متاثرہ علاقے میں گزارنے کے بعد جب شام کو ہم کیمپ میں واپس جاتے، تو نئے آنے والے بہت سے مریض ہماری راہ تک رہے ہوتے اور پھر رات گئے تک ان مریضوں کو دیکھنے کا سلسلہ جاری رہتا۔
کیمپ ہی میں ڈاکٹر کاشف نے میری ملاقات حضور بخش سے کروائی تھی۔ وہ ایک رضاکار تھا اور ہمارے یہاں آنے سے پہلے سے اس کیمپ میں موجود تھا۔جب سے ہم لوگ یہاں آئے تھے، مَیں نے اُسے کبھی فارغ بیٹھے نہیں دیکھا تھا۔کراچی اور دیگر شہروں سے راشن سے بَھرے ٹرک آتے، تو حضور بخش ٹرکوں سے سامان اُتار کر کیمپ میں رکھنے میں دیگر رضاکاروں کی مدد کرتا۔صبح سویرے ہی وہ ہمارے ساتھ کشتی میں بیٹھ جاتا۔ وہ ہمارا گائیڈ بھی تھا، مقامی زبان جاننے کے سبب ہمیں اُس کے ہونے سے بہت مدد ملتی تھی۔ پھرشام کو کیمپ واپسی پر وہ عارضی کچن میں رات کا کھانا بنانے میں مصروف ہو جاتا۔ کیمپ میں نئے خاندانوں کی آمد ہوتی، تو وہ اُن کی خدمت میں جت جاتا۔ کیمپ میں زخمی ہو کر آنے والوں کے چھوٹے موٹے زخموں کی مرہم پٹی وہ خود ہی کر لیتا تھا۔ مریضوں کو حوصلہ دیتا، رات کو جب ہم سب سو جاتے، تو تمام بکھرا ہوا سامان سمیٹتا، اسے ترتیب سے رکھتا۔
صبح کیمپ میں مقیم افراد کے لیے ناشتا بنانے والی ٹیم میں بھی وہ کام کرتا اور ناشتے کے بعد ہمارے ساتھ نکل پڑتا۔ اس کی شخصیت میں سب سے خاص چیز اس کی مسکراہٹ تھی، جو رات گئے تک کڑی محنت، دوسروں کی خدمت کرنے کے باوجود ہر وقت چہرے پر سجی رہتی۔ ہم ڈاکٹرز قریباً بیس روز اس کیمپ میں رہے اور ایک دن بھی حضور بخش کو آرام کرتے یا فارغ بیٹھے نہیں دیکھا۔ اکیسویں روز ہماری ٹیم کو دوسرے ضلعے جانا تھا، تو ہمیں الوداع کہتے ہوئے بڑی محبت سے ملا۔ اُس کے چہرے پر وہی مسکراہٹ تھی، جسے دیکھ کر سکون و طمانیت، اپنے پن کا احساس ہوتا تھا۔ خیر، ہم سب ہی نے اسے گلے لگا کر الوداع لی۔
دوسرے ضلعے کے حالات بھی پہلے سے مختلف نہ تھے، ہر طرف تباہی و بربادی کی داستانیں بکھری تھیں۔ فصلیں تباہ ہو چُکی تھیں، گھر بار، اسکول اور اسپتال پانی میں ڈوبے ہوئے تھے،جو ڈسپینسریز بچی تھیں، ان کی حالتِ زار دیکھ کر ہمارے اوسان خطا ہو رہے تھے، تو مریضوں کا تو کیا ہی حال ہوتا ہوگا۔ پھر جو اسپتال ذرا بہتر حالت میں تھے، اُن میں گنجائش ختم ہو چُکی تھی۔ جب کہ سب سے زیادہ مشکلات تو خواتین کے لیے تھیں۔ خاص طور پر حاملہ خواتین اور بچّوں کی حالت قابلِ رحم تھی۔ ڈائریا اور سانپوں کے کاٹے کی اموات الگ تھیں۔ اتنا بڑا انسانی المیہ تھا کہ بڑے شہروں میں رہنے والے اس کا تصوّر بھی نہیں کر سکتے۔
کھاتے پیتے گھرانوں کے لوگ اپنے خاندان سمیت کیمپوں میں رہنے پر مجبور تھے۔ کم و بیش ایک ماہ بعد ہم کراچی واپس آگئے، جب کہ ڈاکٹرز کی دوسری ٹیم نے ہماری جگہ سنبھال لی۔ وقت کے ساتھ حالات نارمل ہوتے گئے،زندگی پھر سے معمول پر آنے لگی۔ ڈاکٹرز کی ٹیمز سیلاب زدہ علاقوں سے واپس آتیں، تو وہاں کے حالات سے متعلق آگاہی ملتی کہ حالات میں زیادہ کچھ زیادہ سدھار نہیں آیا ہے۔
سردیاں شروع ہو چُکی تھیں اور متاثرین کے مسائل میں مزید اضافہ ہوگیا تھا۔اس دوران مَیں نے کئی بار ڈاکٹرز کی ٹیم کے ساتھ دوبارہ جانے کا ارادہ کیا، لیکن مصروفیات آڑے آگئیں، لیکن دل میں ایک سکون تھا کہ چلو ایک مرتبہ تومتاثرین کی خدمت کر ہی چُکا ہوں۔ ایک روز اسپتال سے ڈیوٹی ختم کر کے باہر نکل رہا تھا، جب اچانک نظر حضور بخش پر پڑی، لیکن پہلی نظر میں تو مَیں اُسے پہچان ہی نہ سکا کہ اس کے سر اور بھنووں کے سارے بال غائب تھے اور وہ سوکھ کر ڈھانچا بن چُکا تھا۔
خیر، مَیں اس کے قریب گیا، تو مجھے دیکھ کر وہ اسی انداز میں مُسکرایا، جیسے ہمیشہ مُسکرایا کرتا تھا۔ مَیں اُسے اپنے کمرے میں لے آیا، لیکن اس کی حالت دیکھ کر خاصی حیرت ہو رہی تھی۔’’ حضور بخش! کیا ہوگیا تمہیں، طبیعت خراب ہے؟‘‘ مَیں نے پوچھا۔ ’’ڈاکٹر صاحب! تین ماہ قبل کینسر تشخیص ہوا ہے۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ بیماری آخری اسٹیج پر ہے،کیمپ ہی میں میری طبیعت خراب ہوئی تھی، وہاں ڈاکٹر نے دیکھا، تو کچھ ٹیسٹس لکھے اور قریبی رفاہی اسپتال جانے کا کہا۔ اور اب یہاں علاج کے سلسلے میں آیا ہوں، ڈاکٹر احمر میرا علاج کر رہے ہیں۔‘‘
اس نے دھیمے لہجے میں تفصیل بتائی، تو مَیں نے اسے تسلّی دیتے ہوئے کہا’’ سب ٹھیک ہو جائے گا۔ ‘‘وہ کچھ دیر میرے پاس بیٹھا رہا اور پھر رخصت لے کر چلا گیا۔ مریضوں سے فارغ ہو کر مَیں ڈاکٹر احمر کے کمرے میں گیا اور ان سے حضور بخش کی صحت سے متعلق پوچھا، تو انہوں نے بتایا کہ ’’اس کے پاس زیادہ وقت نہیں ہے۔ وہ بیماری سے لڑ تو رہا ہے، لیکن بیوی اور بچّوں کا دُکھ اسے اندر ہی اندر کھائے جا رہا ہے۔‘‘ ’’بیوی، بچّوں کا دُکھ…انہیں کیا ہوا؟؟‘‘ مَیں نے حیرانی سے پوچھا، تو ڈاکٹر احمر نے بتایا کہ حضور بخش کی بیوی اور بیٹا سیلاب کی نذر ہو گئے، تب سے وہ کیمپ میں رضاکارانہ طور پر کام کر رہا ہے تاکہ دوسروں کی خدمت کرکے اپنا غم بھلا سکے اور ہمیشہ یہی کہتا ہے کہ شاید اللہ تعالیٰ نے مجھے اسی لیے زندہ رکھا ہے تاکہ مَیں خلقِ خدا کی خدمت کر سکوں۔
یہ سن کر مَیں تو سنّاٹے میں آگیا کہ بظاہر غیر تعلیم یافتہ، ایک دیہاتی کی سوچ کتنی اعلیٰ اور ایمان کس قدر پختہ ہے۔ میرے پاس تو کچھ کہنے کے لیے الفاظ ہی ختم ہو گئےتھے کہ حضور بخش کے چہرے سے کبھی اس کا غم نہیں جھلکا، زبان نے کوئی شکوہ نہیں کیا۔ اپنے پیاروں کو کھونے کا دُکھ پسِ پُشت ڈال کر وہ دوسروں کے غم بانٹنے میں لگا رہا۔ بیس روز ہم اس کے ساتھ رہے، لیکن اس نے اپنی اذیت کا کسی کو احساس تک نہ ہونے دیا۔ ’’آخر کس مٹّی کا بنا ہے یہ شخص، اصل ’’ولی ‘‘ شایدایسے ہی ہوتے ہیں یا یہ انسان کے رُوپ میں کوئی فرشتہ ہے۔ اور یقیناً ایسے ہی لوگوں کی وجہ سے دنیا کےعذاب ٹل جاتے ہیں اور دنیا اب تک قائم ہے، پتا نہیں، لوگ ولیوں کی تلاش میں درگاہوں، مزاروں، جنگلوں، بیابانوں میں مارے مارے کیوں پھرتے ہیں، جب کہ یہ اللہ کے نیک بندے تو ہمارے ارد گرد بے نامی کی زندگی گزار رہے ہیں۔ دوسری طرف مَیں ہوں، جو سیلاب زدہ علاقوں میں چند روز گزار کر یہ سمجھ بیٹھا تھا کہ اپنا فرض ادا کر دیا ہے۔‘‘ مَیں مسلسل سوچے چلا جا رہا تھا۔
آج مجھ سے کوئی پوچھے کہ اللہ کے نیک بندے کیسے ہوتے ہیں، تو میرا جواب یہی ہو گا کہ ’’سندھ کے دُور دراز علاقے کے ایک ڈوبے ہوئے گائوں کے سیلاب زدہ کیمپ میں، سادہ سے کپڑوں میں ملبوس، انسانیت کی خدمت میں دن رات ایک کرتے حضور بخش کودیکھ لو کہ وہ فرشتہ صفت انسان، کینسر جیسے موذی مرض کے ساتھ خدمتِ خلق میں لگا ہے۔‘‘ اور سچ کہوں، تو حضور بخش جیسے کتنے ہی ولی ہمارے ارد گرد موجود ہیں، جن کے دَم سے انسان اور انسانیت زندہ ہے، مگر ہمیں اُن کی خبر تک نہیں۔