حال ہی میں انسٹاگرام جوائن کرنے والی بالی ووڈ کے لیجنڈری ہیرو دلیپ کمار (یوسف خان مرحوم) کی اہلیہ سائرہ بانو کی ٹائم لائن میں ایک اور خوبصورت یاد کا اضافہ ہوگیا۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ماضی کی اداکارہ سائرہ بانو نے دلیپ کمار سے جُڑی اپنی ایک اور سُنہری یاد کو مداحوں کے ساتھ شیئر کیا۔
سائرہ بانو نے اب کی بار اُس یادگار لمحے کو اپنے مداحوں کے ساتھ شیئر کیا جب ان کے مرحوم شوہر دلیپ کمار نے انہیں پہلی بار پرپوز کیا۔
انہوں نے انسٹا پوسٹ میں دلیپ کمار کی رین کوٹ پہنے ، چھتری پکڑے تصویر شیئر کی اور طویل کیپشن لکھتے ہوئے بارش سے جُڑ ی یادوں کو سمیٹا۔
انہوں نے لکھا کہ بارش کا موسم ان کے لئے اور ان کے اہل خانہ کے لئے ہمیشہ سے ہی خاص اہمیت رکھتا ہے، مون سون کی بارش کی پہلی بوند گرتے ہی ان کے گھر میں جشن کا سماں ہوتا ہے اور ہر کوئی ٹیرس میں بارش کا مزاح لیتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ دلیپ کمار کو بارش اس قدر پسند تھی کہ جب کبھی وہ کسی میٹنگ میں ہوتے اور بارش شروع ہوجاتی تو انہیں فون کال کرکے خوشی سے بتاتے کہ ’سائرہ بارش ہورہی ہے‘۔
انہوں نے اپنی سُنہری یاد کا تذکرہ کرتے ہوئے مزید لکھا کہ ایک بار وہ اور دلیپ کمار جوہو ساحل پر رات گئے چہل قدمی کر رہے تھے کہ اچانک بارش شروع ہوگئی اور دلیپ کمار نے اپنی جیکٹ ان کے کندھوں پر ڈالی اور گاڑی میں بیٹھنے میں ان کی مدد کی، گاڑی میں بیٹھنے کے بعد ان سے پوچھا کہ ’کیا مجھ سے شادی کرو گی؟‘
انہوں نے مزید لکھا کہ دلیپ کمار دل سے کسان تھے اور اس بات پر فخر کرتے تھے کہ وہ پشاور کے ایک پھل فروش کے بیٹے ہیں، انہوں نے ایک بارش کے موسم سے لُطف اندوز ہونے کے لئے خاص طور سے ہل اسٹیشن بھی خریدا۔
سائرہ بانو کے مطابق وہ اور دلیپ کمار اس ہل اسٹیشن کی سبز گھاس پر بارشوں کے دوران گھنٹوں چہل قدمی کرتے اور راستے میں پڑے پتھر اُٹھاتے اور دور پھینکنے کا مقابلہ کرتے اور وہ اُن پتھروں کو جمع کرتی۔
سائرہ بانو نے بتایا کہ ان کے پاس آج بھی کچھ پتھر محفوظ ہیں۔