بالی ووڈ کے ورسٹائل اداکار رندیپ ہودا اپنی غیر روایتی اداکاری کی وجہ سے مشہور ہیں۔ انہوں نے فلم ’ساورکر‘ ایک میں قوم پرست رہنما دامودر ساورکر کا کردار ادا کیا۔
میڈیا میں قیاس آرائیاں تھیں کہ فلم کیلئے رندیپ ہودا نے 26 کلو وزن کم کیا تھا، کہا جا رہا تھا کہ وزن گھٹانے کیلئے ہودا روزانہ صرف ایک کھجور اور دودھ کا ایک گلاس پی رہے تھے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں رندیپ ہودا نے کہا کہ میں درست معلومات دینا چاہتا ہوں تاکہ کہیں سب لوگ وزن کم کرنے کیلئے ایسا کرنا نہ شروع کردیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں دودھ اور کھجور نہیں کھا رہا تھا، یہ بہت خطرناک ہے، آپ کی صحت تباہ ہوسکتی ہے، ان قیاس آرائیوں پر بالکل عمل نہیں کیجیے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ درست ہے کہ میں نے 26 کلو وزن کم کیا، فلم 3 سے 4 ماہ میں مکمل ہونا تھی لیکن اسے ایک سال سے زائد عرصہ لگ گیا۔
رندیپ کا کہنا تھا کہ مجھے 7 مہینے تک اپنا وزن کم رکھنا پڑا، میرا وزن کم ہو کر 62 کلو ہوگیا تھا، اتنے کم وزن کی وجہ سے مجھے بہت مشکلات ہو رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پہلی بات تو یہ کہ ریکوری ہی بہت مشکل ہے، اس کے علاوہ جوڑوں اور ہاضمے کے مسائل شروع ہوجاتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ میری بہن ڈاکٹر انجلی ہودا ماہرِ ادویات ہیں، ان سمیت دیگر ماہرین کی زیرنگرانی میں نے وزن کم کیا۔
اداکار کا کہنا تھا کہ انہوں نے کھانے کے درمیان بہت لمبے وقفے لیے، انڈے، وٹامن، پھل، سوپ، سبزیاں، بیج اور ڈارک چاکلیٹ کھائی۔