سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) روحیل کھوسو کا کہنا ہے کہ خیرپور کے علاقے رانی پور میں 10 سال کی ملازمہ پر مبینہ تشدد اور ہلاکت کے کیس میں مرکزی ملزم اسد شاہ کو گرفتار کر لیا گیا۔
واضح رہے کہ رانی پور میں با اثر پیر کی حویلی میں کام کرنے والی 10 سالہ بچی مبینہ تشدد سے جاں بحق ہوگئی۔
پولیس کے مطابق مقتولہ بچی کے ورثا نے قتل کا مقدمہ درج کرانے پر آمادگی ظاہر کی ہے، مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کی جائے گی، ہرممکن کوشش ہوگی کہ تحقیقات منطقی انجام تک پہنچ سکے۔
10 سالہ بچی کی تشدد زدہ ویڈیوز سامنے آئی ہیں جس میں جسم پر تشدد کے واضح نشانات موجود ہیں، مگر رانی پور پولیس نے کہا ہے کہ اس نے ورثاء کے بیانات لیے ہیں اور بچی کے جسم پر تشدد کے کوئی نشانات نہیں ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انتقال کے وقت 10 سالہ بچی رانی پور کے پیر کے کمرے میں موجود تھی۔
متوفی بچی کی والدہ کا کہنا ہے کہ وہ غریب ہے، بیٹی حویلی میں کام کرتی تھی، فون پر بتایا گیا کہ بچی کا پیٹ میں درد سے انتقال ہوا ہے۔