کراچی(اسٹاف رپورٹر)سی ٹی ڈی سندہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سال 2023میں 19ہائی پروفائل مقدمات میں سے 15کیسز کے ملزمان گرفتار کرلیے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ ان کیسز میں زیادہ تر گرفتار کیے جانے والے ملزمان سہولت کار ہیں تاہم مرکزی ملزمان تاحال گرفتار نہیں ہوسکے ہیں۔ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق رواں سال 2023کے دوران سی ٹی ڈی سندھ میں دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کے 19مقدمات رپورٹ ہوئے جن میں کراچی پولیس آفس حملہ کیس،چائینز پروجیکٹ ابراہیم حیدری حملہ کیس،سید خالد رضا حملہ کیس،مفتی عبدالقیوم حملہ کیس،مولانا محمد سلیم کھتری حملہ کیس وغیرہ شامل ہیں،ان کیسیز میں سی ٹی ڈی سندھ نے انتہائی قلیل مدت میں 15 کیسیز کے ملزمان گرفتار و دوران پولیس مقابلہ ہلاک کرتے ہوئے حل کردیے جبکہ 4 حالیہ مقدمات حل طلب ہیں جن کے اوپر دن رات کام جاری ہے۔