• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان ہائیکورٹ نے کراچی بس ٹرمینل کو 31 دسمبر سے پہلے ہزار گنجی منتقل کرنیکا حکم دیدیا

کوئٹہ (نمائندہ جنگ) عدالت عالیہ بلوچستان کے ججز جناب جسٹس محمد کامران خان ملاخیل اور جناب جسٹس اقبال احمد کاسی پر مشتمل بینچ نے صوبائی دارالحکومت میں تجاوزات کے خاتمے اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے حوالے سے دائر آئینی درخواست کی سماعت کی۔ معزز بینچ نے کراچی بس ٹرمینل کو 31دسمبر سے پہلے شہر سے باہر ہزار گنجی منتقل کرنے کی ہدایت کی، کوئٹہ میں جلسے جلوسوں کیلیے دو سے تین مقامات مخصوص کیے جائیں اسکے علاؤہ کہیں اور جلسہ کرنیوالوں کیخلاف سخت ایکشن لیاجائے۔ کمشنر کوئٹہ ڈویژن ڈپٹی کمشنر کوئٹہ سیکریٹری آر ٹی اے ایس پی ٹریفک کو اس سلسلے میں اقدامات اٹھانے کے احکامات جاری۔ صوبائی دارالحکومت میں جلسوں کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر رہتی ہے جس کیوجہ سے سکول اور کالج جانے والے طلباء و طالبات سمیت بزرگ شہریوں خواتین اور مریضوں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے عدالت نے کمشنر کوئٹہ ڈویژن ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کو ہدایت دی کہ جلسے جلوسوں کیلیے دو سے تین مقامات مخصوص کیے جائیں اسکے علاؤہ کسی بھی جگہ جلسہ کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیاجائے۔ معزز بینچ نے سڑکوں پر ٹریفک کی روانی کو متاثر کرنے والے تمام عوامل کے فوری خاتمے اور تجاوزات کے خلاف کریک ڈاؤن کو مزید سخت کرنیکا حکم دیا۔ معزز بینچ نے تجاوزات کیخلاف کارروائی کے عمل کو جاری رکھنے کی بھی ہدایات دیں۔
اہم خبریں سے مزید