کراچی ( اسٹاف رپورٹر) ورلڈکپ فائنل میں احمد آباد کے نریندرا مودی اسٹیڈیم میں تیار کی گئی پچ پر ماہرین اور مبصرین نے دلچسپ تبصرے کیے ہیں۔ آسٹریلیا کو دو بار چیمپئن بنانے والے سابق کپتان رکی پونٹنگ کا کہنا ہے کہ ٹریوس ہیڈ نے زبردست بیٹنگ کی اور لبوشین نے بھی ان کا ساتھ دیا۔ سوچا تھا کہ ہدف آسانی سے حاصل کرلیں گے اور وہی ہوا۔ رکی پونٹنگ نے فائنل میچ کی کمنٹری کے دوران کہا کہ بھارت اپنے بچھائے جال میں خود ہی پھنس گیا، اگر سچ کہیں تو بھارت نے جو وکٹ تیار کی تھی شاید وہ اس پر الٹی پڑ گئی،ہم نے بہترین کرکٹ کھیلی۔ سابق پاکستانی کپتان وسیم اکرم نے کہا کہ اگر بیٹنگ پچ ہوتی تو یہ بھارت کے حق میں ہوتی۔ مائیکل وان نے کہا کہ آسٹریلینز زیادہ ہوشیار نکلے۔ انھوں نے وہی کیا جو پیٹ کمنز نے کہا تھا۔ انھوں نے تماشائیوں کو خاموش کر دیا۔ انھوں نے بہت شاندار انداز میں یہ کام کیا۔ ناصر حسین نے کہا کہ پچ نے آسٹریلیا کیلئے کام کر دیا۔ پورے ٹورنامنٹ میں بھارت کے بولروں کو بیٹنگ کا موقع نہیں ملا اور یہ ان کے لیے ڈراؤنا خواب ثابت ہوا اور یہی وجہ ہے کہ کوہلی اور راہل نے خطرہ مول لینے سے پرہیز کیا۔