کراچی (اسٹاف رپورٹر) کرکٹ ورلڈ کپ کے ہیرو ٹریوس ہیڈ کی کارکردگی بھارتی شائقین سے برداشت نہیں ہورہی۔ شرم ناک طریقے سے سوشل میڈیا پر بھارتی کرکٹ کے مداحوں نے بدترین کارکردگی پر اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں پر تنقید کرنے کے بجائے ورلڈ کپ فائنل میں ٹریوس ہیڈ کی بیوی اور ایک سالہ بیٹی کو ریپ کی دھمکیاں دے دیں۔ متعدد افراد نے دھمکیاں دینے والوں کے خلاف فوری کارروائی اور ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کرنے کا مطالبہ کیاہے۔ دریں اثنا اسٹار آسٹریلین بیٹر ٹریوس ہیڈ کے بارے میں آسٹریلیا کے عظیم اسپنر شین وارن نے سات سال پہلے6دسمبر2016کو ٹوئٹ کیا تھا، جس میں انہوں نے ہیڈ کیلئے مستقبل کے اسٹار ہونے کی پیشگوئی کی تھی۔شین وارن 4 مارچ 2022 کو دل کا دورہ پڑنے سے52سال کی عمر میں چل بسے تھے ۔ خیال رہے کہ ورلڈ کپ میں ٹریوس ہیڈ انجری کے باعث 5 میچوں سے باہر ہوگئے تھے، لیکن واپس آکر انہوں نے اپنی ٹیم کو جیت سے ہمکنار کیا۔انہوں نےنیوزی لینڈ کے خلاف سنچری اسکور کی جبکہ سیمی فائنل میں جنوبی افریقاکے خلاف 62 رنز بنا کر نمایاں رہے۔