بالی ووڈ اداکار عمران خان نے کہا ہے کہ انکی فلم ’لک‘ تباہ کن اور ہیبت ناک تھی، کوئی اس فلم کی تعریف کرتا تو عجیب سا محسوس ہوتا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس فلم کا حصہ ہونے پر انہیں اچھا محسوس نہیں ہوتا۔
ایک حالیہ انٹرویو میں بالی ووڈ سپر اسٹار عامر خان کے بھانجے 40 سالہ عمران خان نے اپنے بطور اینکر کیریئر پر بھی گفتگو کی۔
یاد رہے کہ عمران خان کو انکی رومانٹک اور کامیڈی فلم جانے تو یا جانے نہ اور کرائم کامیڈی فلم دہلی بیلی کے کرداروں سے کافی شہرت ملی۔
جس کی وجہ سے وہ بڑی چاہ سے ان دونوں فلموں کا تذکرہ کرتے ہیں، تاہم وہ فلم لک کے حوالے سے دوسروں کے نقطہ نظر کو ذرا مختلف انداز میں دیکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ عمران خان کئی برس تک فلمی دنیا سے دور رہے اور کچھ عرصے قبل ہی انکی واپسی ہوئی ہے اور انکے کم بیک پر پرستار کافی پرجوش ہیں۔
انکی آخری فلم 2015 کی کٹی بٹی تھی، جسکے بعد آٹھ برس تک انہوں نے بریک لیا۔ اب یہ اطلاعات ہیں کہ وہ ہدایتکار عباس ٹائر والا کے ساتھ ایک ویب سیریز کے حوالے سے سرگرم ہیں۔