نیٹ فلکس نے فواد خان اور ماہرہ خان کی نئی ویب سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ بھارت میں ریلیز نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نیٹ فلکس کے قریبی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ یہ سیریز بھارتی صارفین کے لیے دستیاب نہیں ہوگی اور اسے پلیٹ فارم کی آئندہ ریلیز ہونے والی سیریز کی فہرست سے بھی ہٹا دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق نیٹ فلکس انتظامیہ نے متعلقہ حکام سے رابطہ کیا ہے اور یہ فیصلہ بھارتی حکومت کی 2025 کی ایڈوائزری کے تناظر میں کیا گیا ہے، جس میں او ٹی ٹی پلیٹ فارمز کو پاکستانی مواد نشر نہ کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
بھارتی حکومت نے پہلگام حملے اور پاکستان بھارت کشیدگی کے بعد 8 مئی 2025 کو او ٹی ٹی پلیٹ فارمز اور ڈیجیٹل سروسز کو پاکستانی ویب سیریز، فلمیں، گانے، پوڈ کاسٹس اور دیگر مواد نشر نہ کرنے کی ہدایت جاری کی تھی۔
بھارتی فلمی تنظیم فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سنے ایمپلائز نے دھمکی دی تھی کہ اگر نیٹ فلکس نے سیریز بھارت میں ریلیز کی تو 5 دسمبر سے ملک بھر میں نیٹ فلکس کی پروڈکشنز میں کام کرنے والے اپنے ارکان کو کام سے روک دیا جائے گا۔
خیال رہے کہ پاکستانی مصنفہ فرحت اشتیاق کے مقبول اردو ناول پر مبنی ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ نیٹ فلکس سیریز ہے۔
مومنہ درید کی ہدایت کاری اور پروڈکشن میں بننے والے اس رومانوی ڈرامے میں 3 نسلوں کی 6 محبت کی کہانیاں پیش کی گئی ہیں۔
سیریز کی مرکزی کاسٹ میں فواد خان، ماہرہ خان، ہانیہ عامر، احد رضا میر، صنم سعید، اقرا عزیز اور حمزہ علی عباسی شامل ہیں۔ سیریز کا عالمی پریمیئر 4 دسمبر 2026 کو شیڈول ہے۔