کراچی ایئر پورٹ پر قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کے طیارے نے ایمرجنسی لینڈنگ کی ہے۔
ایوی ایشن حکام کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے 743 نے صبح 5 بج کر 4 منٹ پر کراچی سے مدینہ کے لیے اڑان بھری، طیارہ ابھی اپروچ پکڑ رہا تھا کہ پائلٹ نے طیارے کے انجن سے چنگاری نکلتے دیکھی۔
ایئر لائن ذرائع کے مطابق پائلٹ نے طیارے کو کراچی ایئر پورٹ پر بحفاظت اتار لیا، طیارے میں 276 مسافر سوار تھے، مسافر کو ہوٹل میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کراچی سے مدینہ کے لیے اڑان بھرتے ہی طیارے کے انجن سے چنگاریاں نکلنے لگیں، کاک پٹ میں فائر الارم کی وارننگ پر پائلٹ نے انجن کی آگ پر قابو پانے کی کوشش کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ طریقہ کار کے مطابق پائلٹ نے طیارے کا ایک انجن بند کر دیا تھا، پائلٹ نے اے ٹی سی سے رابطہ کر کے ایمرجنسی لینڈنگ کی اجازت طلب کی تھی۔
سی اے اے کے حکام کا کہنا ہے کہ کپتان اور فرسٹ آفیسر کے الکوحل، خون اور یورین کے ٹیسٹ کیے گئے، طیارے کے ایک انجن میں فائر وارننگ آئی تھی، پی آئی اے کے انجینئر انجن کا معائنہ کر رہے ہیں۔
ترجمان پی آئی اے کا یہ بھی کہنا ہے کہ طیارے کے انجن میں آگ لگنے کے شواہد نہیں ملے، ایک انجن پر جہاز کو اتارا گیا ہے، مسافروں کو شام 5 بجے متبادل پرواز سے مدینہ روانہ کیا جائے گا۔