• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں غربت کی شرح بلند ہے، 40 فیصد سے زیادہ آبادی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہی ہے۔ بے روزگاری ایک اور اہم معاشی چیلنج ہے، تعلیم یافتہ نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد ملازمتیں تلاش کرنے سے قاصر ہے۔بدعنوانی پاکستان کی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ پاکستان کوچیلنجز پر قابو پانے کیلئے بدعنوانی سے نمٹنا ہوگا۔ پاکستان کے 25کروڑ عوام نے دیکھ لیا ہے کہ کیسے انہیں دونوں ہاتھوں سے لوٹا جا رہا ہے۔ المیہ یہ ہے کہ لوگ مہنگائی بے روزگاری اور دیگر معاشی مجبوریوں کے ہاتھوں تنگ آکر خودکشیاں کر رہے ہیں لیکن ہمارے قومی ادارے نااہلی اور بے حسی کا شکار ہیں۔اب تو حال یہ ہے کہ حکومتی کارکردگی سے لوگوں میں دن بدن مایوسی پھیلتی جا رہی ہے۔ پلڈاٹ کے مطابق پاکستان کی گزشتہ 15ویں قومی اسمبلی کے 5سال کے دوران قومی اسمبلی کے ایک دن کا اوسطاً خرچہ 6 کروڑ 65 لاکھ اور اجلاس کے ایک گھنٹے کا اوسطاً خرچہ 2 کروڑ 42 لاکھ روپے رہا جبکہ ارکان کی حاضری 61 فیصد رہی۔ غریب قوم ایسے شاہانہ اخراجات کو برداشت نہیں کرسکتی۔

رواں سال ہمارے قومی اداروں کا کل خسارہ 500 ارب روپے سے تجاوز کر چکا ہے۔اربوں روپے کے خسارے کا شکار ان اداروں میں پاکستان ریلوے، نیشنل ہائی وے اتھارٹی، پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن، پاکستان اسٹیل مل اور بجلی بنانے والی کمپنیاں سرِفہرست ہیں، جنھیں فعال رکھنے کے لیے حکومت پاکستان کو ہر سال اربوں روپے قومی خزانے سے ادا کرنا پڑتے ہیں۔ طرفہ تما شا یہ ہے کہ پی آئی اے میں 7ہزارافسران تنخواہوں اور دیگر مراعات کے نام پر ادارے کوبے دردی سے لو ٹ رہے ہیں۔ اس مایوس کن منظرنامے میں جماعت اسلامی اور الخدمت فاونڈیشن ملک میں امید کے چراغ روشن کر رہی ہے۔یہ کام کراچی میں حافظ نعیم الرحمن نے الخدمت کیساتھ ملکر بڑی کامیابی سے کیااور ہزاروں نوجوانوں کو آئی ٹی کی ٹریننگ دیکر انھیں باعزت روزگار فراہم کیا ۔اب الخدمت فاونڈیشن لاہور اور ملک کے دیگر شہروں میں بڑی تعداد میں نوجوان طلبا و طالبات کو مفت آئی ٹی کورسز کرواکے عظیم کارنامہ سرانجام دے رہی ہے۔ اسی تنا ظر میں گزشتہ دنوں الخدمت فاؤنڈیشن نے’’ بنوقابل پاکستان‘‘ پروگرام کے تحت کراچی کے بعد لاہور میں بھی نئی تاریخ رقم کردی ہے۔بنوقابل پروگرام اپنی نوعیت کو منفرد پروگرام ہے جس میں کراچی اور لاہور میں اب تک لاکھوں بچے رجسٹریشن کروا چکے ہیں۔

کراچی میں 10ہزار بچے کورسز مکمل کر چکے ہیں جبکہ 15ہزار کی تربیت کا عمل جاری ہے۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری، ملک کے نامور آئی ٹی ایکسپرٹ، اساتذہ، دانشور اور صحافی حضرات سمیت ہزاروں طلباء و طالبات نے شرکت کی۔ اس موقع پر ضیاء الدین انصاری کا کہنا تھا کہ لاہور کے لاکھوں نوجوان اپنے بہتر مستقبل کیلئے نوکریوں کی تلاش میں ہیں۔ ہم لاہور کو آئی ٹی سٹی بنائیں گے۔المیہ یہ ہے کہ آئی ٹی کے میدان میں بھارت اور بنگلہ دیش ہم سے بہت آگے نکل چکے ہیں۔حکمرانوں نے ہمیشہ نوجوانوں کے مسائل کو نظر انداز کیا ہے۔ جب تک نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کے مواقع نہیں فراہم کئے جائینگے اس وقت تک پاکستان اس شعبہ میں آگے نہیں بڑھ سکتا۔ الحمدللہ پاکستان کے نوجوان با صلاحیت ہیںاور الخدمت فاونڈیشن ان نوجوانوں کو یہ مواقع فراہم کر رہی ہے، 171اضلاع میں اس تنظیم کا وسیع نیٹ ورک موجود ہے۔پاکستان کی کل آبادی کا 60فیصد حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے مگر وہی سب سے زیادہ اِس وقت پریشان ہے۔اس تقریب میں جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم، اذکر اللہ مجاہد،اکرام الحق سبحانی خصوصی طور پر شریک ہوئے۔الخدمت فاونڈیشن کے پلیٹ فارم سے شہر کے نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کو آئی ٹی کی مہارت کی تربیت اور تعلیم حاصل کرنے کے مواقع فراہم کریں گے۔اس انتہائی اہم پروگرام بنو قابل پاکستان کے ذریعے نوجوان چھ ماہ میں آئی ٹی کورسز میں مہارت حاصل کرکے باعزت طریقے سے روزگار کمانا شروع کر سکیں گے۔ آئی ٹی کورسز کیلئے امیدواروں کو منتخب کرنے کیلئے قابلیت جانچنے کے ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں ہزاروں لوگ شریک ہوئے۔ اس پروگرام کے تحت نوجوانوں کو ای کامرس، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، سائبر سیکورٹی، گرافک اینڈ موشن ڈیزائن اور دیگر مہارتوں پر مبنی کورسز کروائے جا رہے ہیں۔ کوشش ہے کہ شہر کے قابل نوجوانوں کو ایسا بنادیا جائے کہ نہ صرف وہ اپنی فیملی کو غربت کے اندھے کنویں سے نکالنے میں کامیاب ہو جائیں بلکہ وطنِ عزیز کے لئے زرمبادلہ کما کر قومی خدمت بھی سرانجام دیں۔

اس پروگرام میں نوجوان خواب لے کر آئے ہیں اور ان خوابوں کی تعبیر کیلئےہر ممکن کام کیا جائے گا، بنو قابل لاہور سے یقیناً مایوسی کا شکار نوجوان نہ صرف اپنے خاندانوں کیلئے بلکہ ملک و قوم کیلئے سود مند ثابت ہوں گے۔اس موقع پر شریک ہزاروں نوجوانوں نےاس عزم کا اظہار کیا کہ وہ بنو قابل پاکستان پروگرام کے ذریعے اپنے لیے باعزت وسائل کمانے کے قابل ہو سکیں گے۔

تازہ ترین