ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن اسپین کے زیر اہتمام بارسلونا میں پاکستان زندہ آباد ریلی کا انعقاد کیا گیا۔
ریلی کی صدارت ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ کے چیئرمین اور صدارتی تمغہ خدمت یافتہ چوہدری پرویز اقبال لوہسر نے کی جبکہ برطانیہ سے لارڈ میئر واجد خان نے بطور مہمان خاص شرکت کی۔
ریلی میں یورپ بھر سے محبان پاکستان کی بھرپور تعداد نے شرکت کرکے افواج پاکستان اور پاکستان سے یکجہتی کا اظہار کیا اور عندیہ دیا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کی خاطر اوورسیز پاکستانی ہر سطح پر نہ صرف آواز بلندکریں گے بلکہ سازشی عناصر اور صہیونی قوتوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن کر ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔
پاکستان زندہ آباد ریلی میں سبز ہلالی جھنڈے لہرا کر بچوں بڑوں اور خواتین نے ملکر پاکستان زندہ باد، تیرا ضمیر میرا ضمیر، جنرل عاصم منیر جنرل عاصم منیر کے فلک شغاف نعرے لگائے۔
اس موقع پر فرزند پاکستان صدارتی تمغہ خدمت یافتہ چیئرمین ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن چوہدری پرویز اقبال لوہسر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم پاکستان کے سفیر ہیں اور ہمیں پاکستان کی تعمیر وترقی اور خوشحالی کےلیے مثبت قدم اٹھانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن کے پلیٹ فارم سے یورپ کے 27 ممالک میں ان کی پارلیمنٹس میں اہم حکام کے ساتھ مثبت سفارتی کاری اور مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے حوالے سے ہماری فیڈریشن نے بڑھ چڑھ کر خدمات سرانجام دیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ پاکستان کے سپاہی ہیں اور افواج پاکستان ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں جنکی بدولت پاکستان آج نہ صرف ترقی کی راہ پر گامزن ہے بلکہ عوام کے لیے سہولیات اور سرحدوں کی حفاظت کے لیے پاک آرمی کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں نے سرحدوں کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے پاکستان کو ناقابل تسخیر قوت میں تبدیل کر دیا اور دنیا بھر میں قیام امن کی خاطر دہشت گردی کی جنگ میں سازشی عناصر کا قلع قمع کیا۔
انہوں نے کہا کہ ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن کے یورپ بھر میں چیپٹرز پاکستان کے روشن امیج کو اجاگر کرنے اور اوورسیز کمیونٹی کی خدمت کرنے کےلیے سرگرم عمل ہیں، آج اسپین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے پاکستان اور افواج پاکستان کے ساتھ یکجہتی کی مثال قائم کر کے سازشی عناصر کو پیغام دیا ہے کہ جنرل منیر عاصم 24 کروڑ عوام کا بھروسہ ہیں۔
چوہدری پرویز اقبال لوہسر نے ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن اسپین کے ممبران اور کمیونٹی کی دیگر اہم سیاسی سماجی مذہبی اور کاروباری شخصیات کی ریلی کو کامیاب بنانے کی کوششوں کو زبردست انداز میں سراہا اور کہا کہ میں اوورسیز کمیونٹی کو صرف یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ خدارا سبز ہلالی پرچم تلے متحد ہوجائیں اور پاکستان کے خلاف سازشوں کے خلاف ڈٹ جائیں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے ہم آزادی کشمیر تک ہر مخاذ پر بھارتی بربریت کا منہ توڑ جواب دیں گے۔
ریلی میں مختلف طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے پاکستان اور پاک فوج کے حق میں فلک شغاف نعرے لگائے۔
ریلی میں پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کے حوالے سے مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔