پاکستان کے سپر اسٹار بلے باز بابر اعظم کو لیگ کرکٹ میں اپنی ٹیم کو ٹائٹل جتوانے میں زیادہ عرصہ نہیں لگا لیکن ویرات کوہلی کو اپنی لیگ ٹیم کو جتوانے میں 18 سال لگ گئے۔
رائل چیلنجرز بنگلور اور ویرات کوہلی نے 18 سال کے طویل انتظار کے بعد بلآخر انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی ٹرافی اپنے نام کرلی۔
آئی پی ایل 2025 کے فائنل میں رائل چیلنجرز بنگلور نے پنجاب کنگز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 6 رنز سے شکست دے کر 2008 سے شروع ہونے والی آئی پی ایل میں پہلی مرتبہ ٹائٹل جیتنے کا خواب پورا کرلیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آئی پی ایل سیزن 18 کے فائنل میں رائل چیلنجرز بنگلور نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے، جو اس سیزن اس میدان پر سب سے کم اسکور تھا۔
191 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پنجاب سپر کنگز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 184 رنز بنا سکی اور یوں رائل چیلنجرز بنگلور نے 6 رنز سے کامیابی کے بعد بالآخر پہلی بار آئی پی ایل کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
ویرات کوہلی مسلسل 18 سیزن سے رائل چیلنجرز بنگلور کی نمائندگی کر رہے ہیں اور اب پہلی بار انہوں نے آئی پی ایل ٹرافی اٹھائی ہے۔
ویرات کوہلی آئی پی ایل جیتنے پر میدان میں جذباتی ہوگئے اور ان کی آنکھیں نم ہوگئیں۔
پاکستان کی رن مشین بابر اعظم کا موازنہ بھارتی ریکارڈ ساز بلے باز ویرات کوہلی سے کیا جاتا ہے، تاہم جو اعزاز بابر اعظم نے اپنے لیگ کیریئر کے پہلے سال میں حاصل کیا وہ پانے میں کوہلی کو 18 سال لگ گئے۔
یاد رہے کہ بابر اعظم پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا افتتاحی ٹورنامنٹ جیتنے والی اسلام آباد یونائیٹڈ کا حصہ تھے جبکہ اس سیزن میں بابر نے اسلام آباد کی جانب سے اپنا ڈیبیو بھی کیا تھا۔
تاہم بطور بیٹر اپنی ٹیم کے لیے کلیدی کردار ادا کرتے ہوئے بابر اعظم نے پی ایس ایل کا ٹائٹل کراچی کنگز کی نمائندگی کرتے ہوئے 2020 میں جیتا تھا۔
پی ایس ایل کے اس سیزن میں بابر اعظم نے 473 رنز بنا کر ایونٹ کے ٹاپ اسکورر رہتے ہوئے پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ جیتا، جبکہ وہ فائنل کے مین آف دا میچ بھی رہے تھے۔