• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ن لیگ لاہور کے 4 حلقوں سے امیدوار فائنل نہ کرسکی

فوٹوفائل
فوٹوفائل

پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہور میں قومی اسمبلی کے 4 حلقوں سے اب تک اپنے امیدوار فائنل نہیں کرسکی۔

لاہور میں قومی اسمبلی کی 14 میں سے 10 نشستوں پر مسلم لیگ کی جانب سے نام سامنے آگئے، جبکہ ن لیگ 4 حلقوں این اے 117، 120،119 اور 121 سے اب تک اپنے امیدوار فائنل نہیں کر سکی۔

قومی اسمبلی کے حلقے  این اے 119 سے مریم نواز نے الیکشن لڑا تو سابق ایم این اے علی پرویز ملک اپنے آبائی حلقے سے کھڑے نہیں ہوں گے، انہوں نے این اے 117 میں بھی کاغذات جمع کروائے ہیں، وہ مریم نواز کے سوا اپنا حلقہ کسی کو دینے پر تیار نہیں ہیں۔

این اے 121 میں ایاز صادق اور روحیل اصغر آمنے سامنے آگئے، روحیل اصغر نے اپنے بیٹے خرم کیلئے بھی ٹکٹ مانگ لیا، انہوں نے پارٹی قیادت کو آگاہ کر دیا کہ وہ ہرصورت میں الیکشن لڑیں گے۔

ایاز صادق کا مؤقف ہے کہ نئی حلقہ بندی میں 57 فیصد پرانا علاقہ آتا ہے وہ این اے 120 لینے پر رضا مند نہیں، ایاز صادق نے این اے 117 سے بھی کاغذات جمع کروائے ہیں۔

مریم نواز نے این اے 119 اور 120 سے کاغذات جمع کروائے ہیں، جبکہ این اے 119 سے  مریم نواز کا الیکشن میں آنے کا امکان ہے۔

استحکام پاکستان پارٹی ( آئی پی پی) اور ن لیگ میں بھی ابھی تک ٹکٹ ایڈجسٹمنٹ فائنل نہ ہو سکی، این اے117 اور 119 سے علیم خان نے کاغذات جمع کروائے ہیں، اگر مریم نواز این اے 119 سے الیکشن میں آئیں تو سابق ایم این اے علی پرویز ملک متاثر ہوں گے۔

علی پرویز ملک نے این اے117 سے بھی کاغذات جمع کروائے ہیں، مریم نواز این اے 120 میں جاتی ہیں تو علی پرویز اپنا حلقہ 119 چھوڑنے کو تیار نہیں، آئی پی پی سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی صورت میں علیم خان کو این اے117 دیا جا سکتا ہے۔

ن لیگ نے این اے 127 میں عطا تارڑ اور این اے 128 سے حافظ نعمان کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ آئی پی پی سے ابھی تک سیٹ ایڈجسٹمنٹ فائنل نہیں ہوسکی۔

لاہور میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 130 سے نواز شریف اور 123 سے شہباز شریف امیدوار ہوں گے، این اے 118 سے حمزہ شہباز امیدوار ہوں گے، این اے 122 سے سعد رفیق امیدوار ہوں گے، این اے 124 سے رانا مبشر ن لیگ کے امیدوار ہو سکتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق این اے 125 اور 126 سے سیف کھوکھر اور افضل کھوکھر ہوں گے، حلقہ 129 سے مہر اشتیاق ن لیگ کے امیدوار ہو سکتے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید