جدہ سے کراچی کی نجی ایئر لائن کی پرواز کو میڈیکل ایمرجنسی کی وجہ سے ہنگامی طور پر ریاض میں اتار لیا گیا، تاہم نواب شاہ سے تعلق رکھنے والے پاکستانی شہری عارف محمود کا انتقال ہو گیا۔
میت کو پاکستان لانے اور ضابطے کی کارروائی کے لیے پرواز روانگی کی منتظر ہے۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پرواز پی اے 171 نے دوپہر 12بج کر 39 منٹ پر کراچی ایئر پورٹ پہنچنا تھا۔
ایئر پورٹ منیجر کراچی کے مطابق پرواز پی اے 171 صبح 6 بج کر 45 منٹ پر کراچی کے لیے روانہ ہوئی۔
پرواز کی روانگی کے 1 گھنٹے بعد سعودی عرب کی فضائی حدود ہی میں طیارے میں سوار ایک مسافر کی طبیعت خراب ہو گئی، جس پر پائلٹ نے ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ کر کے ریاض میں میڈیکل ایمرجنسی لینڈنگ کی اپیل کی۔
اے ٹی سی ریاض کی جانب سے پائلٹ کو فوری طور پر ریاض میں لینڈنگ کی ہدایت کی گئی۔
ایئر بس اے 320 طیارہ مقامی وقت ساڑھے 8 بجے سعودی دارالحکومت ریاض لینڈ کر گیا۔
میڈیکل ٹیم کہ معائنہ کرنے پر طیارے میں سوار مسافر عارف محمود انتقال کر چکے تھے۔
شہید بے نظیر آباد سے تعلق رکھنے والے مسافر کی میت اسی طیارے میں روانہ کی جا رہی ہے۔
پرواز ضابطے کی کارروائی اور میت کی حوالگی کے لیے روانگی کی منتظر ہے۔