کراچی کے علاقے کلفٹن میں تین تلوار پر 2 دن قبل ہنگامہ آرائی، فائرنگ، پولیس پر تشدد اور سرکاری گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کے مقدمہ میں ملوث مزید 18 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق گرفتار ملزمان کا تعلق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے ہے جنہیں پی ٹی آئی کے احتجاج کی آڑ میں توڑ پھوڑ پُرتشدد کاروائیوں اور ہنگاموں کے موقع سے حاصل کیے گئے ڈیجیٹل شواہد میں شناخت کے بعد گرفتار کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ ملزمان کو کراچی کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا ہے۔
گرفتار ہونے والے ملزمان میں یاسر ولد اسحاق، سجاد الرحمان ولد عبدالہادی، ایم طارق ولد محمد دین، خیر محمد ولد گل شیریں، آصف اعوان ولد محمد صادق، اکبر اعوان ولد محمد اعوان، وقار ولد الیاس، جواد ولد ناصر، حافظ محمد ادریس ولد محمد اقبال، راجہ اعظم ولد نذیر اعظم، علی رضا ولد شیر بہادر، عزیز الرحمٰن ولد محمد حق، فہیم خان ولد محمد شبیر، فضل ولد گل فراز، ساجد ولد عبدالحمید، سلمان ولد محمد فیاض، محمد بلال ولد تاج محمد اور احمد رشید ولد رحمت شامل ہیں۔
یہ گرفتاریاں تھانہ فریئر میں درج مقدمہ 31/2024 کے تحت عمل میں لائی گئیں۔ اس ایف آئی آر کے تحت ڈیڑھ درجن سے زائد افراد کو موقع سے ہی رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق مزید گرفتاریاں بھی عمل میں لائی جا رہی ہیں۔