• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

PTI کی مختلف شہروں میں ریلیاں، پولیس سے جھڑپ، گرفتاریاں، منشور بھی دیدیا

کراچی/لاہور(اسٹاف رپورٹر/جنگ نیوز) تحریک انصاف نے اپنے انتخابی منشور کا اعلان کردیا ۔بیرسٹر گوہر کا کہناہے کہ وزیراعظم کا انتخاب بذریعہ عوامی ووٹ، اسمبلی کی مدت 4 سال ہوگی ، مستحکم معیشت، برابری کے انصاف کے نظام، صحت، تعلیم اور موسمیاتی تبدیلیوں سے بچاؤ کی اصلاحات متعارف کروائیں گے۔علاوہ ازیں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی کال پر تحریک انصاف کی لاہور، کراچی ، پشاور‘ ٹانک ‘راولپنڈی سمیت مختلف شہروں میں ریلیاں‘پولیس سے جھڑپیں ‘ پتھراؤ‘ لاٹھی چارج ‘آنسوگیس کی شیلنگ ‘ متعدد کارکنوں کو گرفتار کرلیاگیا۔تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی نے اتوار کو کراچی کے علاقے کلفٹن تین تلوارپر ریلی نکالی ‘ پولیس نے کارکنان کو منتشرکرنے کیلئے لاٹھی چارج کیا جس سے متعددکارکن اور کیمرہ مین بھی زخمی ہوگئے۔ پولیس نے کیمرے بھی چھین لئے ‘تین تلوار کی مرکزی سڑک میدان جنگ بن گئی۔ دونوں اطراف کی سڑکیں بندہوگئیں۔پو لیس نےمزاحمت کرنے والے درجنوں افراد کو حراست میں لے لیا۔پی ٹی آئی کارکنوں نےجوابی پتھراؤ کر کے پولیس کو بھاگنے پر مجبور کردیا۔ پتھراؤسے ایس ایچ او بوٹ بیسن ریاض شدید زخمی ہوگئے۔ پولیس کا صحافیوں پر بھی تشدد‘جیوکا کیمرامین بھی زخمی ہوگیا۔ راولپنڈی میں جاتلی کے علاقے میں پولیس نے کریک ڈاؤن کرکے دس کارکنوں کو تحویل میں لے لیا۔ریلی کے شرکا نے ایک ریاست دو دستور نامنظور کے نعرے لگائے۔ پشاور میں بھی ریلی نکالی گئی تاہم پولیس نے ریلی کو رنگ روڈ پر روک دیا۔ اس موقع پر پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں میں ہاتھا پائی ہوئی۔ پولیس نے کئی پی ٹی آئی کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔کرلاہور میں علامہ اقبال روڈ بانی چیرمین کے نعروں سے گونج اٹھا۔ این اے 119میں تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار میاں شہزاد فاروق کی قیادت میں ریلی نکالی گئی جس میں مردوں ، عورتوں اور خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی لیکن کارکنوں کی تعداد زیادہ ہونے پر راستے سے ہٹ گئی۔
اہم خبریں سے مزید