نیو کراچی میں پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے کارکنوں کے درمیان ہونے والے جھگڑے کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں 2 بچوں سمیت 3 افراد شدید زخمی جبکہ ایک بچے کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق نیو کراچی میں فائرنگ سے زخمی ہونے والا بچہ انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں وینٹی لیٹر پر ہے۔
دوسری جانب اسپتال کے ذرائع کا بتانا ہے کہ فائرنگ سے 12 سال کا عبدالرحمٰن شدید زخمی ہے، بچے کو اسپتال میں وینٹیلیٹر پر رکھا ہوا ہے، تصادم کے دوران مزید 2 افراد رحمٰن اور یوسف بھی زخمی ہوئے تھے۔
اسپتال انتظامیہ کا بتانا ہے کہ بچہ جناح اسپتال کے نیورو وارڈ میں زیر علاج ہے، بچے کے سر میں زخم آیا ہے، حالت تشویشناک ہے۔
جناح اسپتال میں داخل زخمی عبدالرحمٰن کے کزن محمد سلیم نے جیو نیوز سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ کل ہمارا سیاسی جماعت سے جھگڑا ہوا، سیاسی جماعت کے کارکنان نے ڈنڈے مارے اور فائرنگ کی، فائرنگ سے میرے کزن عبد الرحمٰن کے سرپر گولی لگی۔
محمد سلیم کا بتانا ہے کہ ہمارا تعلق پیپلزپارٹی سے ہے، فائرنگ سے زخمی دوسرا بچہ بھی ہمارا رشتے دار ہے۔
ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان ہونے والے جھگڑے کے خلاف مقدمہ پی پی کارکن یوسف کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے جس میں ایم کیو ایم کے 3 کارکنان اور 15 سے 20 نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔
مقدمے میں انسداددہشت گردی اور اقدام قتل کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔
ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی کے دوران 34 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعہ گزشتہ شب نیو کراچی سیکٹر 11 جے میں پیپلز پارٹی کےالیکشن آفس کے قریب پیش آیا تھا۔
یاد رہے کہ اس افسوس ناک واقعے کے دوران فائرنگ اور ڈنڈے کے وار سے 2 بچوں سمیت 3 افراد زخمی ہوئے تھے۔
زخمیوں میں 16سالہ رحمٰن، 40 سالہ شریف اور 12سالہ عبدالرحمٰن بھی شامل ہے۔