دو روز قبل نیو کراچی کے علاقے سیکٹر الیون میں سیاسی جماعتوں کے درمیان جھگڑے کے نتیجے میں زخمی ہونے والا بچہ انتقال کر گیا۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق فائرنگ سے زخمی گیارہ سال کا عبدالرحمٰن انتقال کر گیا ہے۔
اسپتال انتظامیہ کا بتانا ہے کہ بچہ جناح اسپتال کے نیورو وارڈ میں زیرِ علاج تھا، بچے کی حالت دو روز سے تشویشناک تھی۔
ایس ایس پی سینٹرل کا بیان:
افسوس واقعے کے بعد ایس ایس پی سینٹرل کا بتانا تھا کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان ہونے والے جھگڑے کے خلاف مقدمہ پی پی کارکن یوسف کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے۔
مقدمے میں ایم کیو ایم کے 3 کارکنان اور 15 سے 20 نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔
مقدمے میں انسداددہشت گردی اور اقدام قتل کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔
عبدالرحمٰن کے کزن محمد سلیم کی جیو نیوز سے گفتگو:
مقتول عبدالرحمٰن کے کزن محمد سلیم کا جیو نیوز سے گفتگو کے دوران بتانا تھا کہ ہمارا سیاسی جماعت سے جھگڑا ہوا، سیاسی جماعت کے کارکنان نے ڈنڈے مارے اور فائرنگ کی، فائرنگ سے میرے کزن عبد الرحمٰن کے سرپر گولی لگی۔
محمد سلیم کا بتانا تھا کہ ہمارا تعلق پیپلزپارٹی سے ہے، فائرنگ سے زخمی دوسرا بچہ بھی ہمارا رشتے دار ہے۔
دوسری جانب پولیس کے مطابق واقعہ دو فروری کی شب نیو کراچی سیکٹر 11 جے میں پیپلز پارٹی کےالیکشن آفس کے قریب پیش آیا تھا۔
یاد رہے کہ اس افسوس ناک واقعے کے دوران فائرنگ اور ڈنڈے کے وار سے 2 بچوں سمیت 3 افراد زخمی ہوئے تھے۔
زخمیوں میں 16سالہ رحمٰن، 40 سالہ شریف اور 12سالہ عبدالرحمٰن بھی شامل تھا۔