• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں اشیائے خور و نوش کی قیمتوں پر کنٹرول رکھا جائے، وزیراعلیٰ کی ہدایت

فائل فوٹو۔
فائل فوٹو۔

وزیر اعلیٰ سندھ کی زیرصدارت سندھ کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کمشنر کراچی نے بریفنگ دی۔ کمشنر کراچی کا کہنا تھا کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں کی جارہی ہیں۔ 

بریفنگ میں انہوں نے بتایا کہ چینی کی 123 روپے ہول سیل قیمت اور 130روپے ریٹیل قیمت کو برقرار رکھا ہے۔ 

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ کراچی میں اشیائے خور و نوش کی قیمتوں پر کنٹرول رکھا جائے۔ اس موقع پر آئی جی پولیس نے کابینہ کو امن و امان کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی۔ 

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ اسٹریٹ کرائم ہر صورت کنٹرول کیا جائے۔ ترجمان کے مطابق آئی جی نے بریفنگ میں بتایا کہ اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف مارچ میں 55 مقابلےکئے، 10 کرمنل مارے گئے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا جس تھانے کی حدود میں کرائم ہو رہا ہے اُس کا ایس ایچ او اور ایس ایس پی جوابدہ ہوگا۔ 

انکا کہنا تھا کہ جوابدہی ہونے تک امن و امان کی صورتحال میں بہتری نہیں آئے گی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اگست 2023 سے مارچ 2024 تک 62.540 کلو گرام آئس کرسٹل/ آئس پکڑی گئی ہے۔ 

آئی جی سندھ کے مطابق گھوٹکی میں اس وقت 6، شکار پور سے 9 اور کشمور سے 14 افراد اغواء ہیں۔ 

انہوں نے کہا اس وقت سندھ کے اضلاع سے مجموعی طور پر 29 افراد اغواء کئے گئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ مغویوں کی بازیابی کےلیے اقدامات کریں۔ 

دریں اثنا 22.068 ارب روپے کے رمضان پیکیج کی سندھ کابینہ نے منظوری دے دی۔ ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق رمضان پیکیج کے تحت 4413584 خاندانوں کو 5000 روپے فی خاندان دیئے جائیں گے۔ 

ترجمان کے مطابق سندھ کابینہ نے 9 لاکھ ٹن گندم کی خریداری کا ہدف مقرر کر دیا۔ ترجمان کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گندم کی خریداری کی قیمت 4000 روپے فی من ہوگی۔ 

وزیراعلیٰ سندھ نے اس موقع پر محکمہ خوراک کو گندم کی خریداری کیلئے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی۔

قومی خبریں سے مزید