• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

G7، روس، چین، ترکیہ، یورپی یونین کا مذاکرات پر زور

کراچی ، تہران (نیوز ڈیسک، اے ایف پی) اسرائیل اور ایران جنگ میں مزید شدت آگئی ، عالمی برادری نے امن کیلئے کوششیں تیز کردیں، جی سیون ممالک ، روس ، چین ، ترکیہ اور یورپی یونین نے مذاکرات پر زور دیا ہے ، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر ایران کو دھمکی دی ہے کہ وہ اس سے پہلے کہ بہت دیر ہوجائے تہران کو مذاکرات میں دوبارہ شامل ہوجانا چاہئے، انہوں نے کینیڈا میں ہونے والی جی سیون سمٹ کے موقع پر صحافیوں کو بتایاانہیں ایک معاہدہ کرنا ہوگا، اور یہ فریقین کیلئے تکلیف دہ ہے، لیکن میں کہوں گا کہ ایران یہ جنگ نہیں جیت رہا اور انہیں بات کرنی چاہیے، انہیں فوراً بات کرنی چاہیے، اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے،ایران کو مذاکرات کرنے ہی ہوں گے ،خطے میں جاری کشیدگی کے دوران امریکی بحری بیڑہ مشرق وسطیٰ پہنچ گیا ہے،جی سیون ممالک نے اپنے مشترکہ اعلامیہ میں اسرائیل ایران کشیدگی کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے، میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے مشترکہ اعلامیہ پر دستخط نہیں کئے، ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ ٹرمپ جنگ رکوانے میں سنجیدہ ہیں تو وہ ایک فون کال کے ذریعے سے اسے ختم کرواسکتے ہیں،واشنگٹن سے ایک فون کال نیتن یاہو کو کی جائے تو ایسا ہوسکتا ہے، اسرائیلی حملے روکیں گے تو ہی مذاکرات کریں گے،اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں بچوں کا قتل جنگی جرم ہے،ہماری طاقتور مسلح افواج دنیا پر واضح کر رہی ہیں کہ تل ابیب کی پناہ گاہوں میں چھپے جنگی مجرم اپنے جرائم کی سزا سے نہیں بچ پائیں گے، اسرائیل نے ایرانی شہریوں کو تہران جبکہ ایران نے اسرائیلی شہریوں کو تل ابیب خالی کرنے کی دھمکی دی ہے ۔ایرانی سلامتی کونسل کا کہنا ہے کہ پیر اور منگل کی درمیانی شب اسرائیل پر بڑے پیمانے پرمیزائل حملے کئے جائیں گے ، اسرائیل کیلئے رات کو دن بنادیں گے۔اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئےکہا کہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کا قتل تنازع ختم کر دے گا۔تفصیلات کے مطابق ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ایرانیوں سے کہا ہے کہ وہ ثابت قدم رہیں اور مل کر ایران پر ہونے والی مجرمانہ جارحیت کا مقابلہ کریں۔برطانیہ نے کہا ہے کہ جی سیون ممالک اسرائیل ایران کشیدگی میں فوری کمی کے خواہاں ہیں ۔اسرائیل کے وزیرِ اعظم بنیامین نتن یاہو کا کہنا ہے کہ ’ہم فتح کی راہ پر گامزن ہیں۔‘ایک اسرائیل فضائی اڈے کے دورے کے دوران انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کا ملک ’تہران کی فضائی حدود کا کنٹرول حاصل کر چکا ہے۔‘ایران کی جوہری قوت ختم کرنے کے قریب ہیں، ایرانی جوہری اہداف اور لانچرز تباہ کردیئے۔ نیتن یاہو نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کا قتل دونوں دیرینہ حریفوں کے درمیان "تنازع کو ختم کر دے گا۔

اہم خبریں سے مزید